وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا‘ وزیراعلیٰ بلوچستان اور پنجاب کے وزیر خزانہ سمیت وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے سینئر حکام کی شرکت‘ اجلاس میں سرمایہ کاری بورڈ کی طرف سے سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کے بارے میں بریفنگ دی گئی بلوچستان میں توانائی کے منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے‘ پلاننگ کمیشن اور توانائی ڈویژن کو ہدایت

پیر 26 فروری 2018 22:00

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت پیر کو مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کا 35واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک، بلوچستان کے وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو اور پنجاب کے وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا سمیت وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

سی سی آئی نے 24 نومبر 2017ء کو منعقد ہونے والے اجلاس کے دوران کئے جانے والے فیصلوں کے نفاذ کی صورتحال کا جائزہ لیا۔وفاقی وزیر برائے تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت نے سی سی آئی کو اعلیٰ تعلیم اور متعلقہ اداروں سے متعلق معاملات اور 18 ویں ترمیم کے بعد کی صورتحال پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

سی سی آئی نے کہا کہ آئین کے مطابق اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کیلئے اداروں میں معیار کی تشکیل، سائنسی اور تکنیکی ادارہ وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں دونوں اس طرح کے اداروں کی نگرانی کریں گی۔ مشترکہ مفادات کونسل نے وفاقی وزارت تعلیم کو بھی ہدایت کی کہ ایک قومی سطح کی ٹیسٹنگ باڈی قائم کرنے کیلئے تمام متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ مشاورت کی جائے تاکہ اس حوالہ سے تجاویز اور آراء لی جا سکیں۔ اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی) میں صوبوں کی نمائندگی بڑھانے کیلئے فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم کی طرف سے مقرر کردہ سات ارکان (ممتاز تعلیمی ماہرین) میں تمام صوبوں کونمائندگی دی جائے گی۔

سی سی آئی نے صوبوں میں گیس اور بجلی کی مینجمنٹ، پیداوار اور تقسیم پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ مشترکہ مفادات کونسل نے گنے کے کاشتکاروں کو درپیش مسائل اور ان کو مقررہ قیمت کی بروقت ادائیگی کرنے کے معاملہ پر بھی غور کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ کو ہدایت کی کہ وہ اس معاملہ پر صوبوں کے ساتھ بات چیت کرکے اس مسائل کو حل کرے۔

اجلاس کے دوران سرمایہ کاری بورڈ کی طرف سے سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کے بارے میں بریفنگ دی گئی جس پر کونسل نے صوبوں کو ہدایت کی کہ وہ خصوصی اقتصادی زونز کے حوالہ سے اپنی قابل تجاویز پیش کریں تاکہ اقتصادی زونز کے قیام کو ترجیحی بنیادوں پر عملی جامہ پہنایا جا سکے۔ مشترکہ مفادات کونسل نے بلوچستان میں توانائی کے معاملات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے پلاننگ کمیشن اور توانائی ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ بلوچستان میں توانائی کے منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کریں۔

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ قومی موسمیاتی ادارہ قائم کرنے کیلئے بل کا مسودہ پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا جبکہ نیپرا کی طرف سے اجلاس کو صنعتی رپورٹ برائے 2015ء اور اس حوالہ سے سالانہ رپورٹ 2014-15ء اور 2015-16ء سے متعلق رپورٹیں پیش کی گئیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کیلئے قومی پالیسی فریم ورک تیار کرے گی۔