کراچی منی پاکستان اور ملک کی اقتصادی شہہ رگ ہے ۔ڈھائی کروڑ عوام کو حالات کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، حافظ نعیم الرحمن

کنونشن کراچی کی رونقوں اور روشنیوں کی بحالی کے لیے سنگ میل ثابت ہو گا،امیر جماعت اسلامی کراچی

پیر 26 فروری 2018 21:54

کراچی منی پاکستان اور ملک کی اقتصادی شہہ رگ ہے ۔ڈھائی کروڑ عوام کو حالات ..
کرا چی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 فروری2018ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی منی پاکستان اور ملک کی اقتصادی شہہ رگ ہے ۔ڈھائی کروڑ عوام کو حالات کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا ۔یوتھ کنونشن میں یوتھ چارٹر کے ذریعے ڈیڑھ کروڑ نوجوانوں کو لائن آف ایکشن دیں گے ۔کنونشن کراچی کی رونقوں اور روشنیوں کی بحالی کے لیے سنگ میل ثابت ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں 3مارچ کو مزار ِ قائد ہو نے والے عظیم الشان ’’یوتھ کنونشن ‘‘ کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا ۔اجلاس میں جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری نائب امراء اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ کراچی ملک کی اقتصادی شہ رگ ہے مگر ایک منظم سازش کے تحت یہاں لسانیت اور تعصب کا بازار گرم کیا گیا ۔

(جاری ہے)

شہر کی تعمیر و ترقی کے بجائے یہاں لوٹ مار اور کرپشن کی گئی اور نوجوانوں کو ان کے مقاصد سے ہٹا کر انہیں بے سمت راہ پر گامزن کیا گیا ۔جماعت اسلامی کا شہر کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ہے ۔ہمیں جب بھی عوام نے خدمت کا موقع دیاہم نے شہر کی تعمیر و ترقی اور اس کی رونقوں کی بحالی کے لیے مثالی کردار ادا کیا ۔دو مرتبہ شہر میں مئیر کے عہدے پر فائز رہنے کے باوجود کوئی ہم پر کرپشن کا ایک داغ بھی ثابت نہیں کر سکتا ۔

خدمت اور دیانت ہمارا شعارہے ۔ہم کراچی کے عوام کو حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے ۔کراچی میں نوجوان آبادی کا 65فیصد ہیں ۔اس اعتبار سے شہر میں ڈیڑھ کروڑ نوجوان ہیں ۔جماعت اسلامی یوتھ کنونشن میں یوتھ چارٹر پیش کرے گی اور نوجوانوں کے ذریعے شہر کی تعمیر و ترقی کا منصوبہ پیش کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کو تاریکی کی راہ پر ڈالنے والوں کو عوام اچھی طرح پہچان چکے ہیں ۔عوام بیدار ہو رہے ہیں آنے والا وقت شہر کی رونقوں کو بحال کر ے گا اور جماعت اسلامی شہر کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنائے گی ۔#