Live Updates

پرویز خٹک کی عمران خان سے ملاقات

پختونخوا میں مدارس کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے حوالے سے صوبائی حکومت کے اقدامات پر بریفنگ دی وزیر اعلیٰ نے مولانا سمیع الحق کے مدرسے کو فراہم کی جانے والی امداد بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا

پیر 26 فروری 2018 19:54

پرویز خٹک کی عمران خان سے ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2018ء) بنی گالہ اسلام آباد میں وزیر اعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات ہوئی۔ انہوں نے چیئرمین کو پختونخوا میں مدارس کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے حوالے سے پختونخوا حکومت کے اقدامات پر مفصل بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ نے پختونخوا حکومت کی جانب سے مولانا سمیع الحق کے مدرسے کو فراہم کی جانے والی امداد کے بارے میں بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ مدارس میں پڑھنے والے 25لاکھ سے زائد بچے ریاستی وسائل پر حق رکھتے ہیں ۔وقت آگیا ہے کہ تعلیمی نظام میں مدارس کے بچوں کو معقول جگہ اور مقام دیا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں حکومتیں امیروں پر وسائل خرچ کر رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

غریب عوام اور ان کے بچوں کے بارے میں حکومتیں مجرمانہ طرز عمل کا اظہار کر رہی ہیں ۔

انہوں نے حکومت پختونخوا کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پختونخوا حکومت کی جانب سے مدارس کی قومی دھارے میں شمولیت کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات قابل تحسین ہیں۔پختونخوا حکومت ایک جامع اور مربوط حکمت عملی کے تحت دینی مدارس اور طالبہ پر وسائل صرف کرے ۔ملاقات میں وزیر اعلی پختونخوا نے جامع حقانیہ کو فراہم کی جانے والی امداد کے مختلف خدوخال بطور خاص چیئرمین کے سامنے رکھتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے جامع حقانیہ کو پیسے کی بجائے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ میں معاونت فراہم کی ۔

اب بھی جامع حقانیہ کو کیش کی صورت میں مالیات فراہم کرنے کا ارادہ نہیں ۔مدارس کی قومی دھارے میں شمولیت کے پروگرام کو توسیع دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔عمران خان نے وزیر اعلی کو صوبائی حکومت کے پروگرام سے منسلک ہونے والے مدارس کو خصوصی طور پر وسائل فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات