بیوروکریسی کی ہڑتال ختم‘سول سیکرٹریٹ میں تمام دفاتر کھول دیئے گئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 26 فروری 2018 11:41

بیوروکریسی کی ہڑتال ختم‘سول سیکرٹریٹ میں تمام دفاتر کھول دیئے گئے
 لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26 فروری۔2018ء) سابق ڈی جی ایل ڈی احد چیمہ کی گرفتاری کے خلاف بیوروکریسی کی ہڑتال ختم کیے جانے کے بعد لاہور سول سیکرٹریٹ میں تمام دفاتر کو کھول دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد پنجاب بیوروکریسی کی جانب سے شروع کی گئی ہڑتال چیف سیکرٹری کیپٹن (ر) زاہد سعید کی ہدایات کے بعد ختم کردی گئی ہے، چیف سیکرٹری پنجاب نے تمام افسران کو احد چیمہ کی گرفتاری پر ہڑتال کرنے سے روکتے ہوئے قانون کے مطابق کام کرنے کی ہدایت کی ہے، ہڑتال ختم ہونے کے بعد لاہور سول سیکرٹریٹ میں تمام دفاتر معمول کے مطابق کھل گئے ہیں۔

چیف سیکرٹری پنجاب کا کہنا ہے کہ احد چیمہ کی گرفتاری کے معاملے کوقانون کے مطابق حل کروایا جائے گا جب کہ دوسری جانب سول سیکرٹریٹ، ایل ڈی اے اور پی آر اے میں افسران ہڑتال کے معاملے میں اب بھی دو دھڑوں میں تقسیم ہیں۔ واضح رہے کہ سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی گرفتاری کا معاملہ سنگین صورتحال اختیار کرگیا تھا جس کے بعد لاہور سیکرٹریٹ میں افسروں نے کام چھوڑ دیا تھا جس کے بعد پنجاب کی بیوروکریسی کے درمیان مشاورت جاری تھی۔