مسلم لیگ نون کا سینٹ کے آزاد امیدواروں سے وفاداری کا حلف لینے کا فیصلہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 26 فروری 2018 09:35

مسلم لیگ نون کا سینٹ کے آزاد امیدواروں سے وفاداری کا حلف لینے کا فیصلہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26 فروری۔2018ء)مسلم لیگ( ن) ہارس ٹریڈنگ کے خدشے کے پیش نظر سینیٹ انتخابات میں آزادحیثیت سے حصہ لینے اپنے ارکان سے وفاداریاں تبدیل نہ کرنے اور جیتنے کے بعد پارٹی میں واپسی کی حلف پر یقین دہانی لے گی۔سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے والے کل105امیدواروں میں سے 21ن لیگ کے ارکان ہیں جواب آزادحیثیت سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

لیگی قیادت کو خدشہ ہے کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کی طرف سے آزادانہ امیدواروں کی وفاداریاں خریدی جاسکتی ہیں اسی تناظرمیں نوازشریف نے ان سے حلف پروفاداری نہ بدلنے کی یقین دہانی لینے کافیصلہ کیا۔اس ضمن میں انھوں نے حال ہی میں پنجاب ہاﺅس اسلام آباد اور جاتی امراءمیں اجلاس منعقدکئے جن میں راجہ ظفرالحق کوٹاسک دیاگیاکہ وہ جلد تمام آزاد امیدواروں کو جاتی امراءمیں اکٹھا کریں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق امیدواروں کون لیگ کے وفاداررہنے پر دیگرفوائد کی پیشکش بھی کی جائیگی۔ نون لیگ کے ایک سینیٹر نے نام نہ ظاہرکرنے کی شرط پر بتایا کہ حزب اختلاف کی جماعتیں خصوصاً پیپلزپارٹی پرکشش مراعات کے عوض نون لیگ کے آزاد امیدواروںکی وفادریاں تبدیل کرانے کی کوشش کررہی ہے۔لیگی قیادت نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں پارلیمانی راہنماﺅں کوبھی ہدایت کی ہے کہ وہ ارکان سے رابطے کرکے یہ یقینی بنائیں کہ سینیٹ انتخابات صرف پارٹی کے نامزد (آزاد) امیدواروں کوہی ووٹ دیں۔

وزیراعظم خودبھی آزادامیدواروں کو ہارس ٹریڈنگ سے بچانے میں اہم کرداراداکررہے ہیں۔راجہ ظفرالحق نے آزاد امیدواروں کوبلاکر یقین دہانی لینے کی تردید کی اور کہاکہ لیگی امیدواروں کی نامزدگی نوازشریف نے کی تھی۔ اگرچہ پارٹی کو سینیٹ الیکشن سے روک دیاگیا لیکن یہ کوئی مسئلہ نہیں، آزاد امیدواروں کی نون لیگ کی بنیادی رکنیت ہے اور ان میں سے زیادہ ترآزمودہ ساتھی ہیں۔