عوام کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کی بحالی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے،حکومت بلوچستان اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے پر عزم ہے ،صوبائی وزیر انفارمیشن و ٹیکنالوجی پرنس احمد علی

اتوار 25 فروری 2018 22:10

کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2018ء) صوبائی وزیر انفارمیشن و ٹیکنالوجی پرنس احمد علی نے کہاہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی خصوصی ہدایت پر عوام کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کی بحالی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور حکومت بلوچستان اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے پر عزم ہے ۔ اس امر کا اعادہ صوبائی وزیر انفارمیشن و ٹیکنالوجی پرنس احمد علی نے کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ کے حوالے سے سینٹر ل پولیس آفس میں بریفنگ کے موقع پر کیا انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو مذکورہ پروجیکٹ کو کم از کم وقت میں مکمل کرنے میں بھر پور دلچسپی لے رہے ہیں ۔

بریفنگ کے دوران انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ کے ڈائریکٹر ڈی آئی جی اکبر ناصر نے صوبائی وزیر کو سیف سٹی پروجیکٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی سکریٹری آئی ٹی ڈاکٹر آفتاب بلوچ، ایڈیشنل آئی جی چوہدری منظور سرور، پی پی او ڈی آئی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ و دیگر افسران موجود تھے۔ بعد ازاں کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ کے مختلف پہلوؤں کی تفصیلات سے بھی صوبائی وزیر کو آگاہ کیا گیا۔

اس دوران بتایا گیا کہ کن کن علاقوں میں امن و امان کے علاوہ ٹریفک مینجمنٹ اور ہنگامی حالت سے نمٹنے کی تیاریوں کے سلسلے میںمجوزہ اسکیموں پر بھی بات چیت کی گئی۔ 1400 سی سی ٹی وی کیمروں کے مجوزہ مقامات کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کوئٹہ کے چھ داخلی اور خارجی راستوں پر بھی سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ پر کافی عرصہ سے عملدرآمد نہیں ہوپایا تھا اور موجودہ حکومت نے اس پر عملدرآمد کے آغاز کے لئے تیزی سے اقدامات شروع کیئے ہیں۔ اس مقصد کے لئے کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ کے تجربہ سے استفادہ کرنے کیلئے اس کے مختلف پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا ۔