روٹی، کپڑا، مکان، اسلام ، پاکستان اور پختونوں کا نعرہ لگانیوالوں نے غریب عوام کو کچھ نہ دیا،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک

اتوار 25 فروری 2018 22:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 فروری2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے جو عام آدمی کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے،روٹی، کپڑا، مکان، اسلام ، پاکستان اور پختونوں کا نعرہ لگانے والوں نے غریب عوام کو کچھ نہ دیا، یہ ملک سپیروں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کیلئے نہیں بنا تھا ، غریب کا بھی اس کے وسائل پر برابر کا حق ہے، اے این پی نے تو اداروں کی تباہی ، اقرباء پروری اور لوٹ مار کی حد کر دی تھی ،یہ جب بھی حکومت میں آئی تو اپنے پیچھے ایک تباہی چھوڑ گئی ، مولانا فضل الرحمن صوبائی حکومت کے آئمہ مساجد کیلئے اعزازیہ کی فراہمی کے اقدام کو این جی او کا پیسہ کہہ رہے ہیں اور اُن کے پیٹ میں مروڑ اُٹھ رہے ہیںکیونکہ اُن کی سیاست خطرے میں ہے،اُن پر واضح ہونا چاہیئے کہ یہ اعزازیہ خالصتاً صوبائی حکومت کے اپنے وسائل سے دیا جا رہا ہے ، نہ صرف مساجد کے آئمہ بلکہ اقلیتی براداری کے مذہبی مراکز کے پیشوائوں کو بھی اس میں شامل کیا گیا ہے ،مفاد پرست سیاستدان عوام کے مجرم ہیں ، معلوم نہیں یہ کونسی شکل لیکر عوام کے پاس آئیں گے یہ لوگ غلط فہمی میں ہیں پی ٹی آئی نے لوٹ مار کے خلاف جس جنگ کا آغاز کیا اس کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے خان کوئی نظام پور میں علاقہ خوڑہ کی 4 یونین کونسلز کے 38 دیہات کو گیس فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کرنے کے بعد شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس منصوبے پر1142 ملین روپے لاگت آئے گی ۔صوبائی وزیرایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکا خیل، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، ایم پی اے ادریس خٹک، ضلع ناظم لیاقت خٹک ، ڈسٹرکٹ ممبران ذوالفقار خٹک، حاجی امین زادہ خٹک، ریاض علی، نذر دین، عدنان خٹک اور دیگر مقامی نمائندوں نے بھی جلسے سے خطاب کیا۔

اس موقع پر کرنل سیداخان، رشید خٹک ، حبیب الرحمن اور مختلف سیاسی جماعتوں کے دیگر کارکنان نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام کو تباہی میں دھکیلنے والے سیاسی مجرم پی ٹی آئی کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں اور عوام کو دھوکہ دینے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں،یہ عوام کو بتائیں اور عوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ ان سے پوچھیں کہ ادارے کیوں تباہ کئے گئے ۔

غریب اور امیر کیلئے الگ معیار کیوں بنایا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ اے این پی نے تو حد ہی کردی ،یہ اپنے دور میں عوام کی فلاح کیلئے کچھ نہ کر سکی اور اب ہمارے اقدامات کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے،ان سپیروں کی پہلی حکومت میں کفن کا کپڑا ناپید ہو چکا تھا ،دوسری بار آئے تو آٹا غائب اور جب تیسری بار حکومت میں آئی تو دہشت گردی کا عذاب مسلط کرکے چلی گئی ،یہ لوگ کس ایجنڈے اور مقصد کے تحت دوبارہ عوام کے پاس آرہے ہیں۔

پرویز خٹک نے کہا کہ گیس ، بجلی ، پانی اور دیگر سہولیات شہریوں کی بنیادی ضرورت اور اُن کا حق ہے مگر سیاسی مجرموں کو کبھی توفیق نہ ہوئی کہ عوام کو ان سہولیات کی فراہمی کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتی ۔اُن کے اپنے پیٹ بھرتے تو غریب کا سوچتے ،فضل الرحمن ہمارے اقداما ت کو بیرونی ایجنڈا قرار دیتے ہیں حالانکہ اُنہوںنے بھی اس صوبے میں حکومت بنائی وہ ایک کام بھی نہیں بتا سکتے جو اُنہوںنے اسلام یا عوام کیلئے کیا ہو ،وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبے میں حکومت کی اجازت کے بغیر کوئی بیرونی ادارہ پر بھی نہیں مار سکتا ۔

ہم اربوں روپے کے پراجیکٹ شروع کر رہے ہیں سرمایہ کاری کے راستے کھول دیئے ہیں، ہمارے منصوبوں کی انفرادیت یہ ہے کہ سرمایہ کاری کے بڑے منصوبوںکے منافع میں بغیر سرمایہ کاری کی10 فیصد حصہ صوبے کیلئے لے رہے ہیں۔ صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے ۔ ہم نہ خود حرام کھاتے ہیں اور نہ ہی کسی کو اجازت دے سکتے ہیں ۔پرویز خٹک نے اس موقع پر شعبہ صحت ، تعلیم، پولیس اور دیگر شعبوں میں صوبائی حکومت کی اصلاحات کا بھی ذکر کیا اور کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں یہ واحد صوبائی حکومت ہے جس نے ہسپتالوں اور سکولوں میں عملہ پورا کیا۔

سہولیات دیں اور انہیں ڈیلیور کرنے کے قابل بنایا۔ تھانوں میں عوام کے ساتھ جانوروں جیسا سلوک ہوتا تھا اور پولیس سیاسی لوگوں کی غلام تھی ۔ ہم نے اپنے اختیارات بھی پولیس کو دیئے، سیاسی مداخلت یکسر ختم کی اور صرف ایک شرط رکھی کہ ہم تھانوں میں غریب کی بے عزتی اور اُس پر ظلم برداشت نہیں کریں گے ۔خیبرپختونخوا میں ایزی لوڈ اور ایس ایم ایس کلچر ماضی کا حصہ بن چکا ہے موجودہ حکومت میں کسی کو لوٹ مار کی جرات نہیں ۔

ہم نے ہزاروں رشوت خوروں کو برطرف کرکے گھر بھیجامقصد غریب عوام کی فلاح اور خدمت ہے ۔پرویز خٹک نے کہاکہ یہ واحد صوبائی حکومت ہے جس نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار نوجوانوں کی تعلیم و تربیت ، فلاح اور اُن کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے دیر پا اقدامات کئے ۔نوجوانوں کو میرٹ پر روزگار کی فراہمی یقینی بنائی ۔ صوبہ بھر میں کھیل کے میدان بنائے ، تحریک انصاف نوجوانوں کی جماعت ہے ، ساری جماعتیں متحد ہو کر بھی تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کر سکتیں۔

کرپٹ اشرافیہ خواب دیکھنا چھوڑ دے آج عدالت اُن کا حساب لے رہی ہے ۔آئندہ عام انتخابات میں عوام بھی اُن سے حساب لیں گے ۔ پی ٹی آئی دوبارہ بھاری اکثریت کے ساتھ حکومت میں آئے گی نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پاکستان بھر میں نوجوانوں کا راج ہو گا۔