(ن) لیگ کے اگلے صدر شہباز شریف ہونگے، نواز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب کو آگاہ کردیا

عوامی رابطہ مہم ، پارٹی صدارت کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کی صورتحال ،سینیٹ انتخابات سمیت پارٹی امور پر تبادلہ خیال

اتوار 25 فروری 2018 21:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2018ء) حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن)کے اگلے صدر شہباز شریف ہی ہوں گے جس کے بارے میں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے وزیراعلی پنجاب کو با ضابطہ طور پر آگاہ کردیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں رہنمائوں کی ملاقات جاتی امرا ء میں ہوئی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ منگل 27 فروری کو پارٹی کی مجلس عاملہ کا اجلاس ہوگا جس میں قائمقام صدر بنانے کی منظوری لینے کے بعد پارٹی انتخابات کرائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ملاقات میںعوامی رابطہ مہم ، پارٹی صدارت کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کی صورتحال اورمارچ میں ہونے والے سینیٹ انتخابات سمیت پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں نوازشریف نے شہباز شریف کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا کہ (ن)لیگ کے صدر وہی ہوں گے۔ذرائع کے کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی شہباز شریف کو (ن)لیگ کا قائم مقام صدر بنایا جائے گا جس کے لیے منظوری سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں لی جائے گی اور یہ اجلاس 27 فروری کو ہوگا۔ذرائع نے بتایا کہ شہباز شریف کو باقاعدہ پارٹی صدر بنانے کے لئے پارٹی انتخابات کروائے جائیں گے۔