پیپلز پارٹی چالیس سالوں سے ذوالفقار علی بھٹو کی قبر پر سیاست کی دکان چلا رہی،مشیر اطلاعات گلگت بلتستان شمس میر

اتوار 25 فروری 2018 21:00

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 فروری2018ء) مشیر اطلاعات گلگت بلتستان شمس میر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی گزشتہ چالیس سالوں سے ذوالفقار علی بھٹو کی قبر پر سیاست کی دکان چلا رہی ہے، اس دکان سے اپنی سیاست کا سلوگن جوڈیشل مرڈر فروخت کررہی ہے، پیپلز پارٹی کے اس طرز سیاست اور منافقت کا اندازہ لگایا جائے تو پیپلز پارٹی چالیس سالوں سے بھٹو کے قتل کو عدالتی قتل کہہ کر توہین عدالت کی مرتکب ہو رہی ہے،آج جب نواز شریف نے عدالتی فیصلے کا احترام بھی کیا اور عمل بھی کیا، رہی بات اختلاف کی تو عدالتی فیصلوں پر اختلاف دنیا میں ہر جگہ ہوتا ہے اور یہ تسلیم شدہ حقیقت ہے ، پیپلز پارٹی بھٹو کے قتل کو عدالتی قتل کہے تو وہ توہین عدالت نہیں حالانکہ چالیس سالوں سے یہ توہین عدالت جاری ہے ، مسلم لیگ ن فیصلے کا احترام اور عمل کرکے اختلاف رکھے تو یہ توہین عدالت ہے ، یہی پیپلز پارٹی کا منافقانہ رویہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی کی اس دوغلی سیاست ہی کی وجہ سے آج پاکستان اور گلگت بلتستان سے اس جماعت کا صفایا ہو گیا ہے اور عوام نے اس جماعت کو سیاست سے نکال باہر کیا ہے ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے توہین عدالت نہیں کی بلکہ پیپلز پارٹی ہر دور میں توہین عدالت کی مرتکب ہوئی ہے اور امجد ایڈووکیٹ گلگت بلتستان کی اعلیٰ عدلیہ کی کئی بار توہین کر چکے ہیں ، مسلم لیگ ن اور پاکستان کی عوام نے نواز شریف کیخلاف آنے والے فیصلوں سے اختلاف کیا ہے اور کررہے ہیں کیونکہ نواز شریف پر آج ملک کی عوام یک آواز ہیں کہ وہ اس ملک کی اس عوام کا بلا شرکت غیر لیڈر ہے جسے پیپلز پارٹی اور زرداری نے روٹی ، کپڑا اور مکان کے نام پر لوٹا جبکہ گلگت بلتستان پیپلز پارٹی کے چار کے ٹولے نے عوام اور نظام دونوں کو جس بے دردی سے فروخت کیا وہ گلگت بلتستان کی تاریخ کا سیاہ باب ہے ۔

مشیر اطلاعات نے کہا کہ امجد ایڈووکیٹ اور پیپلز پارٹی کو یہ حقیقت تسلیم کرنی ہوگی کہ نواز شریف بی آج اسی نوعیت اور عدالتی فیصلوں کا نشانہ ہیں جو پاکستان کی عوام کے مفادات کے خلاف ہیں ۔ اس ملک کی عوام ان فیصلوں پر عدم اعتماد کررہے ہیں اور نواز شریف عوامی اعتماد سے پہلے سے زیادہ مضبوط اور پاپولر ہو چکے ہیں اب زرداری کی سازشیں ، عمران کی خارشیں اور عدالتی فیصلوں کی بارشیں نواز شریف کا کچھ بگاڑ نہیں سکتیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کیلئے اب سارا ملک لودھرا ہوگا اور پیپلز پارٹی کی جسطرح ضمانتیں ضبط ہو رہی ہیں وہ ان نام نہاد جماعتوں کی بلیک لسٹنگ کیلئے کافی ہے ۔