پی ایس ایل تھری: اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو باآسانی 5 وکٹوں سے شکست دے دی

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 25 فروری 2018 20:50

پی ایس ایل تھری: اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو باآسانی 5 وکٹوں ..
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25فروری۔2018ء) متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل تھری) کے ایک اہم ٹی ٹونٹی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے مدمقابل ٹیم ملتان سلطانز کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔ پچھلے دو میچوں میں اپنی بہترین کارکردگی سے شائقین کرکٹ کی توجہ حاصل کرنے والی سلطانز کی ٹیم اس میچ میں چاروں شانے چت نظر آئی۔

ملتان سلطانز کے کھلاڑی بیٹنگ کے شعبے میں تو کارکردگی نہ دکھا سکے لیکن بہتر باؤلنگ سے انہوں نے میچ کو سنسنی خیز ضرور بنا دیا۔ ایک موقعے پر لگ رہا تھا کہ وہ یہ میچ آسانی سے اپنے ہاتھ سے جانے نہیں دیں گے لیکن اسلام آباد والے یونائیٹڈ ہو کر کھیلے اور جیت اپنے نام کی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا جب لیوک رونچی بغیر کوئی رن بنائے محمد عرفان کی پہلی ہی گیند پر کیچ آؤٹ ہو کر واپس لوٹ گئے۔

(جاری ہے)

دوسرے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے بھی مایوس بیٹنگ کی اور صرف 9 رنز بنا سکے۔ یونائیٹڈ کی جیت میں چاڈوک والٹن اور حسین طلعت نے اہم کردار ادا کیا۔ والٹن نے پانچ چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے جبکہ حسین طلعت نے 3 چوکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ ملتان سلطانز کی جانب عمران طاہر کامیاب گیند باز رہے جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد عرفان نے دو اور جنید خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا تو ملتان سلطانز کی جانب سے کمارا سنگاکارا اور احمد شہزاد میدان میں اترے لیکن گزشتہ میچوں کی طرح اس مرتبہ اپنے بلے بازی کے جوہر نہ دکھا سکے۔ کپتان شعیب ملک اور کیرن پولارڈ کے علاوہ کوئی اور بلے باز شائقین کی امیدوں پر پورا نہ اتر سکا۔ شعیب ملک نے 35 جبکہ پولارڈ نے 28 رنز کی اننگز کھیلی۔

دیگر بلے بازوں میں کمارا سنگاکارا 6، احمد شہزاد 11، ڈیرن براؤو 6، صہیب مقصود 1، صیف بدر 5، سہیل تنویر 9، عمران طاہر 2 اور محمد عرفان بھی صرف 2 رنز ہی بنا سکے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رومان رئیس سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے تین اعشاریہ پانچ اوورز میں صرف 13 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ آندرے رسل اور محمد سمیع نے دو، دو جبکہ سٹیون فن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔