مسلم لیگ(ن) کو جھٹکا ، رکن قومی اسمبلی طارق محمود نے پارٹی کو خیر باد کہہ دیا،خرم دستگیر کے خلاف الیکشن لڑنے کا اعلان

میاں طارق محمود کے بڑے بھائی سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں مظہر جاوید، سابق رکن صوبائی اسمبلی غلام سرور اور تین میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں نے بھی پارٹی چھوڑ دی

اتوار 25 فروری 2018 20:30

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 فروری2018ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 98گوجرانوالہ سے رکن میاں طارق محمود نے مسلم لیگ(ن) چھوڑدی اور2018کے عام انتخابات میں وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر کے خلاف الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ،رکن قومی اسمبلی میاں طارق محمود کے بڑے بھائی سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں مظہر جاوید، سابق رکن صوبائی اسمبلی غلام سرور اور تین میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں نے بھی پارٹی چھوڑ دی۔

نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے حلقہ این اے 98گوجرانوالہ سے موجودہ رکن قومی اسمبلی میاں طارق محمود نے پارٹی چھوڑنے کا باضابطہ اعلان کردیا ۔رکن قومی اسمبلی میاں طارق محمود کے بڑے بھائی سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں مظہر جاوید اور سابق رکن صوبائی اسمبلی غلام سرور نے بھی مسلم لیگ (ن) چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

گوجرانوالہ کے حلقہ 98سے تین میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں نے بھی مسلم لیگ (ن) چھوڑنے کا اعلان کیا ۔

میاں طارق محمود نے 2018کے عام انتخابات میں وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر کے خلاف الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے آئندہ عام انتخابات میں میاں طارق محمود کی بجائے کسی اور امیدوار کو میدان میں لانا چاہتی تھی جس کی وجہ سے میاں طارق محمود نے پارٹی چھوڑی۔ ذرائع کے مطابق میاں طارق محمود بہت جلد پاکستان تحریک انصاف میں اپنی شمولیت کا باضابطہ اعلان کریں گے ۔ اس حوالے سے میاں طارق محمود کے تحریک انصاف کیساتھ تمام معاملات طے کر لیے گئے ہیں ۔