چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی سے یورپی یونین کے 8 رکنی وفد کی ملاقات

اتوار 25 فروری 2018 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے یورپی یونین کے آٹھ رکنی وفد نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ مسلم لیگی قائدین نے 2013ء کے الیکشن میں آر اوز کے ذریعہ دھاندلی کی روشنی میں آئندہ صاف و شفاف الیکشن کیلئے تجاویز دیں۔

ملاقات میں پارٹی رہنما سینیٹر کامل علی آغا، ڈاکٹر خالد رانجھا، مونس الٰہی، سالک حسین اور رضوان ممتاز علی بھی موجود تھے۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ 2013ء کا الیکشن آر اوز کا الیکشن تھا، 22 سیاسی جماعتوں کا یہی موقف تھا اور انہوں نے اس پر اعتراض بھی کیا۔ انہوں نے امید ظاہرکی کہ اگلے انتخابات کیلئے یورپی یونین کے الیکشن آبزرویشن مشن کی اہمیت اور افادیت سے اتفاق کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور دفتر خارجہ ان سے بھرپور تعاون کریں گے اور سہولیات دیں گے۔

(جاری ہے)

وفد کے ارکان نے مسلم لیگی قائدین سے آئندہ جنرل الیکشن کے حوالے سے سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کا وفد پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے سربراہوں سے ملاقات کر رہا ہے اور ان انتخابات کے حوالے سے ان کے خیالات کو جاننا چاہتا ہے اور وہ جنرل الیکشن سے قبل ایک رپورٹ جاری کرے گا جس میں سربراہوں کے خیالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے سیاسی حالات کا جائزہ پیش کیا جائے گا۔

وفد نے کہا کہ یہ ہمارا معمول ہے اور 2002ء، 2008ء اور 2013ء کے جنرل الیکشن پر بھی ہماری رپورٹ شائع ہو چکی ہے۔ یورپی یونین کے وفد میں مسٹر نکولائی پاسMr. Nicolay Paus، مس این وان ہوٹMs. Ann Vanhout، مسٹر جین کوسٹے ڈوٹ Mr. Jean Costedoat، مسٹر ہانس ویبرMr. Hans Weber، مس ہانا تھریسا رابرٹس Ms. Hannah Theresa Roberts، مسٹر کولم ونسنٹ فاہے Mr. Colm Vincent Fahy، مسٹر پاول کرسٹوف جیورک زیکMr. Pawel Krzystof Jurczak، سوانٹے ٹورنی ینگروٹ Svante Torgny Yngrot شامل تھی

متعلقہ عنوان :