لاہور،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی سا بق وزیراعظم میاں نواز شریف سے ملاقات

ملاقات میں سینئر بیورو کریٹ احد چیمہ کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری پر تبادلہ خیال کیاگیا

اتوار 25 فروری 2018 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے گزشتہ روز جاتی امراء فارم ہائوس کا دورہ کیا اور اپنے بڑے بھائی اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کی دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں سینئر بیورو کریٹ احد چیمہ کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری پر تبادلہ خیال کیاگیا وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے میاں نواز شریف کو نیب کی جانب سے آشیانہ اقبال ہائوسنگ سکیم میں کرپشن کے الزامات میں گرفتار احد چیمہ کی گرفتاری کے بارے میں مکمل بریفنگ دی ذرائع کے مطابق دونوں رہنمائوں کے درمیان اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ احد چیمہ کی مکمل حمایت کی جائیگی اور ان کی گرفتاری پر نیب سے احتجاج بھی کیا جائیگا جبکہ ملاقات میں آئندہ تین مارچ کو ہونے والے سینٹ الیکشن سمیت عام انتخابات پر تبادلہ خیال کیاگیا وزیراعلیٰ شہباز شریف اور نواز شریف کے درمیان ملاقات تقریبا دو گھنٹے سے زائد جاری رہی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور شریف فیملی کیخلاف نیب کیسز پر بھی مشاورت کی گئی۔