احد چیمہ کی گرفتاری: نیب نے پنجاب حکومت کے الزامات بے بنیاد قرار دیدیے

احد چیمہ کی وجہ سے حکومت کو تقریباً 455 ملین کے لیکوڈیشن نقصانات کا سامنا ہے آشیانہ اقبال میں تاخیر کی وجہ سے لاگت کا تخمینہ بھی کئی ملین بڑھ چکا ہے،نیب لاہور

اتوار 25 فروری 2018 19:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2018ء) قومی احتساب بیورو لاہور ڈویژن نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد پنجاب حکومت کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔نیب لاہور کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ احد چیمہ کی وجہ سے حکومت کو تقریباً 455 ملین کے لیکوڈیشن نقصانات کا سامنا ہے جب کہ آشیانہ اقبال میں تاخیر کی وجہ سے لاگت کا تخمینہ بھی کئی ملین بڑھ چکا ہے۔

ترجمان کے مطابق ہاؤسنگ اسکیم کی 20 کنال اراضی احد چیمہ نے لاہور کینٹ میں حاصل کی جو ان کے بھائی احمد سعید چیمہ، بہن سعدیہ منصور اور کزن کے نام پر ہے۔یاد رہے کہ پنجاب حکومت کے ترجمان کی جانب سے کہا جارہا تھا کہ احد چیمہ کی گرفتاری کے لئے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔

(جاری ہے)

ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ ایل ڈی اے کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ نے 2015 میں بسمہ اللہ انجینئرنگ کو ٹھیکہ دیا اور یہ کمپنی چوتھے درجے کی کمپنی تھی جو 15 کروڑ تک کے کام کے لئے اہل تھی۔

ترجمان کے مطابق بسمہ اللہ انجینئرنگ کے پاس نوے فیصد شئیر تھے جب کہ اسپارکو اور چائنہ فرسٹ میٹالوجیکل گروپ کے پاس صرف دس فیصد شئیر تھے اور تینوں کمپنیوں کے جوائنٹ وینچر کو 24 مارچ 2015 کو کام کا ٹھیکہ دیا گیا۔نیب ترجمان کا کہنا ہے کہ آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم میں 61 ہزار شہریوں نے درخواستیں جمع کرائیں، شہریوں نے الاٹمنٹ کے لیے تقریباً 6 کروڑ روپے پراسسنگ فیس بھی جمع کرائی۔

متعلقہ عنوان :