نوجوانوں میں کھیل کود کا جذبہ زندہ قوموں کی نشانی ہوتی ہے،مظفرسید

اتوار 25 فروری 2018 19:00

چکدرہ۔25فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2018ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ نوجوانوں میں کھیل کود کا جذبہ زندہ قوموں کی نشانی ہوتی ہے ، کھیلوں کا فروغ صحت مند معاشرے کی تشکیل اور جسمانی نشونما کے لئے از حد ضروری ہے یہی وجہ ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت دیگر شعبوں کی ترقی کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ پر خاص توجہ دے رہی ہے ، پورے صوبے میں تحصیل کی سطح پر کھیلوں کے میدان قائم کئے جا رہے ہیں جبکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ آفزائی کے لئے بھی عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہو ںنے اتوار کے روز دیر پائین تالاش میں گورنمنٹ کالج آف کامرس میں منعقدہ تالاش سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کے اختتام پر منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ میں علاقے کے مختلف کرکٹ ٹیموں نے حصہ لیا جبکہ فائنل میچ کے بعد فاتح کھلاڑیوں میں صوبائی وزیر نے نقد انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں ۔

اس موقع پر کھلاڑیوں ، کھیل کود سے وابستگی رکھنے والے حضرات اور معززین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں میں کھیلوں سے محبت و لگائو کا جذہ انتہائی خوش آئند بات ہے کیونکہ جن معاشروں میں کھیل کے میدان آباد ہوتے ہیں تو وہاں کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں ۔مظفرسیدنے کہا کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کے لئے کوشاں ہے اور موجودہ صوبائی حکومت نے اس شعبے کی ترقی کے لئے فراخدلانہ اقدامات اٹھائے ہیں جن کی گزشتہ ادوار میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔ صوبائی وزیر نے فائنل میچ دیکھنے کے دوران کھلاڑیوں کو خوب داد دی اور ان کی حوصلہ آفزائی کی ۔

متعلقہ عنوان :