ضلعی انتظامیہ کوہاٹ نے 470کلوگرام چائنا سالٹ برآمد کرکے تلف کردیا

اتوار 25 فروری 2018 19:00

پشاور۔25فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2018ء)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر صاحبزادہ سمیع اللہ نے شرقی سرکل اور بنوں روڈ کے مختلف علاقوں سے 470کلوگرام چائنہ سالٹ کو برآمد کرکے خوشحال گڑھ کے مقام پر دریائے سندھ میں تلف کردیا جبکہ مزید ریکوری کے لئے آپریشن جاری رہے گا۔ یہ بات ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ صاحبزادہ سمیع اللہ نے ڈپٹی کمشنرکے دفتر میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر گلاب گل کے ہمراہ منعقدہ پریس کانفرنس میں بتائی۔

انہوں نے اس موقع پرچائنہ سالٹ کی برآمد کردہ کھیپ میڈیا کو دکھائی اوربعد ازاں اس کی موجودگی میں تلف کردیا۔صاحبزادہ سمیع اللہ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈپٹی کمشنرکوہاٹ نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کی روشنی میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخواکی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ضلع بھر میں چائنہ سالٹ )اجینوموتو(کی تیاری اور خرید و فروخت پر فوری طورپردفعہ 144کے تحت پابندی عائدکردی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے چائنہ سالٹ کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ اس میںمونو سوڈیم گلوکومیٹ کا ایک کیمیکل پایا جاتاہے جو خواتین میں چھاتی کے کینسر)بریسٹ کینسر( کا سبب بننے کے علاوہ اس سے انسانوں میںدل،گردے ،سینے،بدہضمی،نیند کی کمی اور ہا ئیپر ٹینشن جیسے امراض لاحق ہوتے ہیں جس کی بناء پر سپریم کورٹ نے چائنہ سالٹ کی تیاری، سٹاکنگ اور خرید و فروخت کو غیر قانونی قراردیاہے۔

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ تمام دکانداروں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ 3دن کے اندر اندر رضاکارانہ طور پرچائنہ سالٹ کا سٹاک تلف کردیںبصورت دیگر ضلعی انتظامی پیر کے دن سے باقاعدہ آپریشن شروع کرے گی اور چائنہ سالٹ برآمد ہونے کی صورت میںچالان کرکے قانونی کارروائی کرے گی۔ایک سوا ل کے جواب میں سمیع اللہ نے کہا کہ کوہاٹ میں مضر صحت اور کیمیکل ملے دودھ کی ٹسٹنگ کے لئے لیبارٹری قائم کردی گئی ہے جس میں نمونے حاصل کرکے ٹسٹ کئے جا سکیں گے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اس لیبارٹری کے قیام سے عوام کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق دودھ کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔