الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت’’ احسن الکلام ‘‘کے عنوان سے ورکشاپ کا انعقاد

ورکشاپ میں بچوں ،اساتذہ ،آرفن کیئر پروگرام کے ذمہ داران کی شرکت ،احسن کلام کے عنوان پر لیکچردیا گیا

اتوار 25 فروری 2018 19:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2018ء) الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت اسٹڈی سینٹر میں ’’ا حسن الکلام ‘‘کے عنوان سے ورکشاپ منعقد ہو ئی ،ورکشاپ میں بچوں اساتذہ ،الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے ذمہ داران نے شرکت کی ،ورکشاپ میںمنیجر آرفن کئیر پروگرام الخدمت کراچی سید مصعب بن خالد نے بچوں کو احسن الکلام کے حوالے سے آگاہی فراہم کی ۔

اس موقع پر الخدمت کے ترجمان نے بتایا کہ الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت رجسٹرڈ بچوں کیلئے 6درجوں میںورکشاپس کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں احسن الکلام ،اخلاقی تربیت اپنے نفس پر قابوپانا اورمعاشرے میں اچھا انسان بننے کی تربیت دی جاتی ہے ۔یہ پروگرام اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔انھوں نے کہا کہ الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت یتیم بچوں کی خدمت کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

باپ کے سائے سے محروم بچے تعلیم وتربیت کے اس سنہری دور سے محروم ہو جاتے ہیں جو انہیں باپ کے سایہ شفقت میں میسر ہوتا ہے ۔ان بچوں کے پاس وسائل ہوتے ہیں نہ ہی کوئی وسیلہ، لیکن الخدمت اپنے آرفن کیر پروگرام اپنے محدود وسائل کو بروکار لاتے ہوئے 980ان بچوں کی کفالت کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام افرادکی ذمہ داری ہے کہ آگے آئیں اور ایسے بچوں کی کفالت کریں اور اس منصوبے میں الخدمت کا ساتھ دیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ احسن الکلام ہماری ذات کا حصہ ہونا چاہیے کیونکہ یہ تعلیم نبی ؐ مہربان کی ہے ۔