افغانستان ہجرت کرنے والے متاثرین شمالی وزیرستان ایجنسی کی واپسی کا عمل آج سے شروع ہوگا

اتوار 25 فروری 2018 19:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2018ء) آپریشن ضرب عضب کے باعث افغانستان ہجرت کرنے والے متاثرین شمالی وزیرستان ایجنسی کی واپسی کا عمل آج پیر کے روز سے شروع ہوگا۔پولیٹیکل ایجنٹ شمالی وزیرستان ایجنسی کامران آفریدی کے مطابق افغان حکومت کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد آپریشن ضرب عضب کے باعث افغانستان ہجرت کرنے والے متاثرین شمالی وزیرستان کی واپسی کا دوسرا مرحلہ26 فروری سے شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس دوسرے مرحلے کے دوران افغانستان کے صوبہ خوست سے مجموعی طور پر 4 ہزار 329 خاندانوں کو براستہ غلام خان چیک پوسٹ واپس لایا جائے گا۔پولیٹیکل ایجنٹ کے مطابق تمام خاندانوں کو میرانشاہ کے راستے بنوں بکا خیل میں آئی ڈی پیز کیمپ پہنچایا جائے گا جنہیں تمام سفری سہولیات اور کھانا فراہم کیا جائے گا جس کیلئے زیرو پوائنٹ چیک پوسٹ تحصیل غلام خان میں تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔انتظامیہ کے مطابق بقایا خاندانوں کی پری رجسٹریشن فارمز پولیٹیکل انتظامیہ کو ابھی تک موصول نہیں ہوئے جب فارم موصول ہوجائیں گے تو ان کو دوسرے مرحلے کے اختتام کے بعد تیسرے مرحلے میں واپس لایا جائے گا۔