میرے کنوارے رہنے کی وجہ مہنگائی ہے‘ سلمان خان کا حیران کن انکشاف

شادی میں کروڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں، جس وجہ سے میں نے تاحال شادی نہیں کی‘سلمان خان

اتوار 25 فروری 2018 17:50

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2018ء) بالی ووڈ سلطان سلمان خان جن کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ نے 300 کروڑ روپے سے زائد کمائی کی انہوں نے 52 سال تک کنوارے رہنے کی دلچسپ وجہ بتادی۔سلمان خان کا شمار جہاں بولی وڈ کے کامیاب اداکاروں میں ہوتا ہے، وہیں ان کا شمار انڈسٹری کے کنوارے ترین اداکاروں میں بھی ہوتا ہے۔

اگرچہ گزشتہ ایک سال سے ان کی شادی کی چہ مگوئیوں میں اضافہ ہوا ہے، تاہم حال ہی میں بھارتی گلوکار اینکت تیواری اور موہت مرواہ سمیت ٹی وی اداکار شعیب ابراہیم اور گوتم روڈ کی شادیاں ہونے سے ان کی شادی کی خبریں ایک بار پھر گردش کرنے لگی ہیں۔بھارتی فلم و ٹی وی انڈسٹری میں شادیوں کے اوپر شادیاں ہونے کے باعث سلمان خان کی شادی نہ ہونے کے حوالے سے سوشل میڈیا میں بحث ہونے کے بعد اب ان سے بھی شادی نہ کرنے کے سوالات پوچھے جانے لگے ہیں۔

(جاری ہے)

تاحال شادی نہ کرنے کے سوال کے جواب میں سلمان خان نے دلچسپ جواب دیتے ہوئے وضاحت کی کہ انہوں نے 52 سال گزر جانے کے باوجود شادی کیوں نہیں کی۔این ڈی ٹی وی کے مطابق ممبئی میں ایک تقریب کے دوران سلمان خان نے تاحال اپنی شادی نہ ہونے کا سبب مہنگائی کو قرار دیا۔سلمان خان کا کہنا تھا کہ آج کل مہنگائی بہت ہوگئی ہے، اور شادی میں کروڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں، جس وجہ سے انہوں نے تاحال شادی نہیں کی۔انہوں نے مثال دی کہ ان کے والد نے صرف 180 بھارتی روپے میں شادی کی، مگر اب شادیاں لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں روپے میں بھی نہیں ہوپاتیں۔کروڑوں روپے کمانے والے اداکار کا کہنا تھا کہ وہ مہنگائی بڑھ جانے کے باعث شادی کا خرچہ برداشت نہیں کرسکتے، اس لیے وہ تاحال کنوارے ہیں۔