مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ روئی کی قیمتوں میں قدرے استحکام رہا

اعلی کوالٹی کی روئی کے بھاؤ میں فی من 200 روپے کا اضافہ ہوا تاہم کاروباری حجم کم رہا

اتوار 25 فروری 2018 17:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2018ء)مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ روئی کی قیمتوں میں قدرے استحکام رہا اور اعلی کوالٹی کی روئی کے بھاؤ میں فی من 200 روپے کا اضافہ ہوا تاہم کاروباری حجم کم رہا۔ بروکرز کے مطابق بین الاقوامی کاٹن مارکیٹوں خصوصی طور پر نیویارک کاٹن کے بھاؤ میں فی پاونڈ 5 تا 5.30 امریکن سینٹ کا اضافہ ہوا بھارت میں بھی روئی کا بھاؤ فی کینڈی (356 کلو) کا بھاؤ 300 تا 400 روپے بڑھ گیا جبکہ چین میں نئے سال Luner کی طویل تعطیلات کے بعد روئی کا بھاؤ مستحکم رہاجس کے زیر اثر مقامی مارکیٹ میں بھی ر وئی کے بھاؤ میں استحکام دیکھا گیا۔

کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ میں 100 روپے کی کمی کرکے اسپاٹ ریٹ فی من 6900 روپے کے بھاؤ پر بند کیا۔

(جاری ہے)

صوبہ سندھ و پنجاب میں روئی کا بھاؤ فی من 5800 تا 7300 روپے رہا جبکہ پھٹی کا بھاؤ فی 40 کلو 2400 تا 3000 روپے رہا۔ کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چئیرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کی مصنوعات کی برآمد میں 14 فیصد اضافہ اور روئی کے بھاؤ میں بہتری کے باعث مقامی کپڑے اور یارن مارکیٹ میںسرگرمیاں بڑھ گئی ہیں ہے جہاں پہلے خاموشی کا عالم تھا دریں اثنا پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن نے 15 فروری تک ملک میں کپاس کی پیداوار کے اعداد و شمار جاری کیا ہے جس کے مطابق اس عرصے تک ملک میں روئی کی پیداوار ایک کروڑ 15 لاکھ ہوئی جو گزشتہ سال کی اسی عرصے کے نسبت 8۔

7 فیصد زیادہ ہے۔ نسیم عثمان کے مطابق اس سال ملک میں روئی کی کل پیداوار ایک کروڑ 16 لاکھ گانٹھوں کے لگ بھگ ہونے کی توقع ہے جبکہ ملوں نے بیرون ممالک سے تاحال روئی کی تقریبا 25 لاکھ گانٹھوں کے درآمدی معاہدے کرلئے ہیں جس کی ڈلیوری شروع ہوگئی ہے۔