کراچی شارع فیصل پر فائرنگ کرنے والا ملزم اپنی اہلیہ سمیت فرار

ملزم ابوالحسن اصفہانی روڈ پر واقع رینٹ اے کار سے گاڑی لے کر فرار ہوا، پولیس حکام ملزم کے برادر نسبتی زین سمیت 4 دیگر افراد کو تفتیش کے لئے حراست میں لے لیا گیا ہے اور پوچھ گچھ جاری

اتوار 25 فروری 2018 17:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2018ء) شارع فیصل پر کھلے عام فائرنگ کرنے والا ملزم عدنان پاشا اپنے گھر کو تالے لگا کر اہلیہ سمیت غائب ہوگیاہے۔ ملزم کے برادر نسبتی زین سمیت 4 دیگر افراد کو تفتیش کے لئے حراست میں لے لیا گیا ہے اور پوچھ گچھ جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک شخص کراچی کی مصروف ترین شارع فیصل پر کھڑے ہوکر ہوائی فائرنگ کرتا ہے اور اپنا نام عدنان پاشا بتاتے ہوئے انتظامیہ کو چیلنج کرتا ہے کہ کسی میں ہمت ہے تو اسے پکڑ کر دکھائے۔

فائرنگ کی ویڈیو وائرل ہونے پر وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی شرقی کو ملزم کی گرفتاری کا حکم دے دیا، تاہم ملزم تاحال قانون کی گرفت سے آزاد ہے۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کے مطابق ملزم عدنان پاشا کی گرفتاری کے لئے اس کے گھر، سسرال اور آفس سمیت دیگر متعدد مقامات پر چھاپے مارے گئے لیکن ملزم قانون کی گرفت میں نہ آسکا۔

پولیس کے مطابق عدنان پاشا جوہر موڑ کے قریب صائمہ ڈرائیو ان کا رہائشی ہے تاہم چھاپے سے قبل ہی وہ اپنی اہلیہ سمیت فرار ہوچکا تھا۔ ابتدائی معلومات سے پتہ چلا ہے کہ عدنان پاشا ابوالحسن اصفہانی روڈ پر رینٹ اے کار سے گاڑی لے کر فرار ہوا اور اس کے موبائل فون کی آخری لوکیشن سپرہائی وے آئی ہے۔ ملزم کے برادر نسبتی زین سمیت 4 دیگر افراد کو تفتیش کے لئے حراست میں لے لیا گیا ہے اور پوچھ گچھ جاری ہے۔