چین پاکستان اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ سے جنوبی اضلاع کی مثالی ترقی کے نئے دور کاآغاز ہے، مولانا فضل الرحمان

اتوار 25 فروری 2018 17:30

ڈیرہ اسما عیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2018ء) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ اور پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ سے جنوبی اضلاع کی مثالی ترقی کے نئے دور کاآغاز چنددنوں کی بات ہے اس منصوبہ سے ڈیرہ اسما عیل خان کی ترقی سے اس خطہ کے باسیوں کی نسلیں مستفید ہوں گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ رحمانی خیل یارک موٹر وے کا معائینہ کے دوران کیا، اس موقع پر نیشنل ہائی وے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر فرید اللہ خان نے انہیں منصوبہ سے متعلق بریفنگ بھی دی مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کا ڈیرہ اسما عیل خان سے گذرنا ہمارا خواب تھا جس کی عملی تعبیر اللہ کے فضل و کرم سے ہمارے سامنے ہے انہوں نے کہا کہ جس منصوبہ کے بارے میں ہم سوچتے تھے آج اسی پر گاڑی میں سفر کرتے ہوئے میں خدا کا شکر ادا کررہا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ہماری کوششوں سے یہ منصوبہ عوام اور علاقہ کی تقدیر بدلنے کے لیئے آخری مراحل میں ہے انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں اسی روٹ سے عالمی تجارت ہوگی جس سے ڈیرہ اسما عیل خان میں ایک صنعتی شہر آباد ہوگا انہوں نے کہا کہ اگرچہ صوبائی حکومت کی جانب سے ڈیرہ اسما عیل خان کے صنعتی زون کے منصوبہ کو ڈیرہ کے بجائے رشکئی منتقل کردیا گیا مگر ہم ڈیرہ اسما عیل خان کی ترقی کے لیئے کسی بھی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ مغربی روٹ کے اطراف میں ڈیرہ اسما عیل خان میں نیا صنعتی شہر آباد ہوگا، انہوں نے کہا کہ لکی مروت، پنجاب کو بھی اسی مغربی روٹ سے لنک کرنے کے لیئے رابطہ سڑکوں کی تعمیر کے منصوبہ پر کام تیزی سے جاری ہے، تین رابطہ سڑکوں کی تعمیر سے لکی مروت، ڈیرہ اسما عیل خان، ڈھکی، کلور کوٹ پنجاب اور ڈیرہ غازی خان ، کڑی شموزئی علاقہ بھی اسی مغربی روٹ سے منسلک ہوجائے گا ، انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور نیشنل لاجسٹک سیل کی جانب سے موٹر وے کی تعمیراتی کام کی تیزی پر مسرت کااظہار کیا ، قبل ازیں مولانا فضل الرحمان نے اپنی گاڑی پر روٹ پر سفر کیا اور مکمل ہونے والے حصوں کا معائنہ کیا۔

متعلقہ عنوان :