سونا سمگل کرنے کے الزام میں پانچ چینی شہری گرفتار

ملزمان چار کروڑ مالیت کا 13کلو سونا ہانگ کانگ سے بھارت سمگل کر رہے تھے

اتوار 25 فروری 2018 17:20

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 فروری2018ء) ہانگ کانگ سے نئی دہلی کے ہوائی اڈے پر پہنچنے والے پانچ چینی شہریوں سے دومختلف واقعات میں 13کلوسونا برآمد ،پانچوں افراد کو سمگلنگ کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک چینی شہری پر الزام ہے کہ اس کے قبضے سے تین کلو وزن کی سونے کی تین سلاخیں برآمد ہوئی ہیں جو اس نے اپنی پینٹ کی جیبوں میں چھپا رکھی تھیں۔

(جاری ہے)

کسٹم حکام کے مطابق بھارت میں اتنی مقدار میں سونا لانے کی اجازت نہیں ہے اس لئے چینی شہری کو دہلی کے ہوائی اڈے پر سمگلنگ کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سونے کی مالیت 92لاکھ بتائی جاتی ہے۔ حکام کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ملزم گزشتہ روز ہانگ کانگ سے نئی دہلی پہنچا تھا۔ شک پڑنے پر اس کی تلاشی لی گئی تو اس سے تین کلو سونا برآمد ہوا جو اس نے اپنی پینٹ کی جیبوں میں چھپایا ہوا تھا۔ اس سے قبل چار چینی شہریوں کو بھی دس کلو گرام سونا سمگلنگ کرنے کی کوشش میں ہوائی اڈے سے گرفتار کیا گیا تھا۔ یہ چینی شہری تائیوان سے ہانگ کانگ کے راستے بھارت پہنچے تھے۔دس کلو سونے کی مالیت تین کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :