پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں منعقد ہونا شائقین کیلئے بڑی خوشخبری ہے، چیئرمین بلدیہ شرقی

اتوار 25 فروری 2018 17:20

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2018ء) چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں منعقد ہونا شائقین کیلئے بڑی خوشخبری ہے، سٹیڈیم کے اطراف بلدیاتی سہولیات کی فراہمی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی وسیم مصطفی سومرواور سندھ سالڈ ویسٹ وبلدیہ شرقی کے افسران کے ہمراہ نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف بلدیاتی سہولیات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے موجود افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر بیوٹیفکیشن کے کاموں کا آغاز کرکے اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے جس میں اسٹیڈیم روڈ و اسٹیڈیم کے قریب دستیاب جگہوں پر فلاور بیلٹس کی تعمیر سمیت دیگر تزئین و آرائش کے کام کو انجام دینے کا کہا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسا کام کرنا ہے کہ بین الاقومی سطح پر پاکستان کا مثالی امیج سامنے آسکے۔

انہوں نے کہا کہ فٹ پاتھوں کو درست کرکے ان پر رنگ و روغن کیا جائے علاوہ ازیں انہوں نے نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف جھاڑیوں کی فوری کٹائی کے حوالے سے ہدایات دیں۔ انہوں نے سندھ سولڈ ویسٹ کے افسران سے کہا کہ صفائی ستھراء کی صورتحال کو مکمل کنٹرول میں رکھا جائے اسٹیڈیم کے اطرافی جگہوں کو صاف ستھرا ہونا چاہیئے روزانہ کی بنیاد پر اس سلسلے میں مانیٹرنگ سر انجام دی جائے، آنے والی بین الاقومی شخصیات و مہمانانوں کو یہ احساس ہونا چاہیئے کہ وہ زندہ دلانِ و قائد اعظم کے شہر کراچی میں موجود ہیں۔

متعلقہ عنوان :