پانچ سالوں میں اپنے علاقہ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے،سوئی گیس پائپ لائن،کنٹونمنٹ ہسپتال کی اپ گریڈیشن ، واٹر سپلائی کے منصوبے جلد مکمل ہوں گے ، ملک ابرار احمد

اتوار 25 فروری 2018 16:40

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2018ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی امور کشمیر،گلگت بلستان اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی کے چیئرمین ملک ابرار احمد نے کہا ہے کہ گذشتہ پانچ سالوں میں اپنے علاقہ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے جس وجہ سے آئندہ عام انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل ہو گی۔میاں محمد نواز شریف کے وژن کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے حلقہ کے تمام علاقوں میں تعلیم اور صحت کی بنیادوں سہولتوں کے ساتھ تعمیر و ترقی کے متعدد منصوبے بر وقت مکمل کئے۔

راولپنڈی کینٹ کی تمام وارڈوں میں گلیات کوپختہ کرنے ‘ سٹریٹ لائٹس اور فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کے لئے 10کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کینٹ ممبران کو جاری کیں۔ سوئی گیس پائپ لائن،کنٹونمنٹ ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور واٹر سپلائی کے منصوبے جلد مکمل ہوں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی امور کشمیر ‘گلگت بلستان اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی کے چئیرمین ملک ابرار احمد نے -اے پی پی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہو ئے کیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ عوام دھرنوں کی سیاست کرنے والوں کو ووٹ دینے کی بجائے عوام کو سہولتیں فراہم کرنے والوں کو ووٹ دیتے ہیں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف ،وزیر اعلٰی پنجاب میاں محمدشہباز شریف نے ملک بھر میں ترقیاتی کام کروائے جس کی وجہ سے عوام کو نہ صرف روزگار کے مواقع میسر آئے بلکہ ملکی میشت مضبوط ہوئی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ راولپنڈی کینٹ میں گیس کے کم پریشر اور عدم دستیابی کے مسئلہ کا مستقل حل کے لئے محکمہ سوئی گیس نے 10کروڑ روپے لاگت سے سواں کیمپ تا لالکڑتی 10انچ قطر کی پائپ لائن ایک بہترین منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے کینٹ کے مکینوں کو گیس کی لوڈ شیدنگ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کینٹ کی عوام سے بنیادی سہولیات اور‘فلاح و بہبود کے لئے جتنے بھی وعدہ کیے ہیں وہ پورے کر رہے ہیں ۔ راولپنڈی کینٹ کے ہر وارڈ میں دس کروڑ روپے کے تعمیراتی منصوبے مکمل ہوچکے ہیں ‘آئندبھی اسی طرح کی گرانٹس جاری ہوتی رہیں تو راولپنڈی کینٹ کے تمام بنیادی مسائل کا ازالہ ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ اب سیزن آنے والا ہے ‘موسمی مینڈک باہر نکلیں گے لیکن عوام انھیں ہوا کے تیز جھونکوں میں اڑا دیں گے ‘کیونکہ ان موسمی مینڈکوں کا عوام کی خدمت کا ایجنڈا نہیں ہے ۔

ملک ابرار احمد نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کے لئے دن رات کام کررہے ہیں ۔حلقہ54کی عوام نے ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس کے جواب میں ہم عوامی خدمت کے ذریعے اظہار کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف اور وزیر اعلی محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میرے حلقہ این اے 54کے لئے خصوصی گرانٹس ‘تعمیر و ترقی کے منصوبہ جات ‘میگا منصوبوں کے تحفے دیئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کینٹ پاکستان مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے اور انشاء اللہ آئندہ انتخابات میں کلین سویپ کرتے ہوئے اپنے مخالفین کی ضمانتیں ضبط کرادیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کا ایک ہی ایجنڈا ہے اور و ہ خدمت اور بس خدمت کا ایجنڈے ہے ‘اسی لئے عوام کی مقبول ترین سیاسی جماعت کا اعزاز بھی مسلم لیگ ن کو ہی حاصل ہے ۔راولپنڈی کینٹ کے عوام نے جسطرح مسلم لیگ ن کو 2013میں مینڈیٹ دیا ہے اسی طرح 2018کے عام انتخابات میں بھی عوام مسلم لیگ ن کو خدمت کی بنیاد پر اس سے بھی ذیادہ بہتر اور اچھا مینڈیٹ دے گی۔

متعلقہ عنوان :