عاصمہ جہانگیر کے لیے ہولی فیملی چرچ راولپنڈی میں دعائیہ تقریب کا انعقاد

اتوار 25 فروری 2018 16:30

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2018ء) پیرش پریسٹ سیٹلائٹ ٹائون ریورنڈ فادر سرفراز سائمن نے کہاہے کہ معروف ماہر قانون عاصمہ جہانگیر نے اپنی پوری زندگی انسانی حقوق کے تحفظ میں صرف کی جو کہ انسانیت کی خدمت کا عظیم تر نمونہ ہے ۔ دنیا کے ہر مذہب میں انسانی حقوق کو سب سے زیادہ اہمیت دی گئی ہے جو کہ ایک افضل فعل ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسانی حقوق کی سرگرم کارکن اور سپریم کورٹ بار کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر کے لیے ہولی فیملی کیتھولک چرچ راولپنڈی میں خصوصی دعائیہ سروس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں مرحومہ کی انسانی حقوق کے لیے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ۔

چرچ کی دعائیہ سروس کے موقع پر پیرش پریسٹ سیٹلائٹ ٹائون ریورنڈ فادر سرفراز سائمن ،انچارج ہولی فیملی کیتھولک چرچ بابو ساجد امین کھوکھر و دیگر مسیحی راہنمائوں سمیت مسیحی برادری کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔دعائیہ سروس سے خطاب کرتے ہوئے بابو ساجد امین کھوکھر نے محترمہ عاصمہ جہانگیر کی انسانی حقوق کے لیے خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہاکہ عاصمہ جہانگیر نے ہمیشہ انسانی حقوق کی علمبرداری کی جس پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں اور خداوند سے دعا گو ہیں کہ ابدی دنیا میں ان کے درجات بلند ہوں۔