وادی لیپہ سمیت دیگر سیکٹرز پر بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ و گولہ باری، سول سوسائٹی سراپا احتجاج بن گئی

مظفرآباد کے آل پارٹیز کانفرنس وادی لیپیا کرناہ کے زیر اہتمام بھارت کیخلاف شدید احتجاجی مظاہرہ اور ریلی

اتوار 25 فروری 2018 16:10

�ظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 فروری2018ء) وادی لیپہ سمیت آزادکشمیر کے دیگر سیکٹرز پر بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ و گولہ باری، سول سوسائٹی سراپا احتجاج بن گئی، ریاستی دارالحکومت مظفرآباد کے شہید برہان مظفر وانی چوک میں آل پارٹیز کانفرنس وادی لیپیا کرناہ کے زیر اہتمام بھارت کیخلاف شدید احتجاجی مظاہرہ اور ریلی۔

اقوام عالم سے بھارتی جارحیت کا نوٹس لینے ،بھارتی جارحیت جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کی بنا پرجنگی جرائم اور انصاف کی عالمی عدالتوں میں بھارت کیخلاف مقدمات درج کروانے کا مطالبہ ۔ مظاہرہ اورریلی میں تمام مکاتب فکر کے نمائندہ افراد کی شرکت۔ ایل او سی پر بھارتی بلا اشتعال فائرنگ و گولہ باری کیخلاف ریلی بھی نکالی گئی جس کی قیادت آل پارٹیز کانفرنس وادی لیپا کرناہ کے رہنمائوں شوکت جاوید میر، ملک منور اعوان، مشتاق الاسلام، پروفیسر عبدالرحمان، عزیر احمد غزالی، منصور عالم قریشی، خواجہ عبدالصمد، غلام جیلانی، راجہ سہیل ناصر، امتیاز علی شاہ، سعید اختر اعوان نے کی۔

(جاری ہے)

احتجاجی مظاہرہ میں بھارت کیخلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے زبردست نعرے بازی کی گئی، شرکاء نے ہاتھوں میںپلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی جارحیت کی مذمت، بے گناہ انسانی جانوں کے قتل عام ، املاک کی تباہی اور نہتے عوام میں خوف و حراس پھیلانے کیخلاف نعرے درج تھے ، شرکاء نے بھارتی جارحیت نا منظور،جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی بند کرو، شہداء کو سلام ہو سلام ہو ، پاک فوج قدم بڑھائو ہم تمہارے ساتھ ہیں، کشمیرکی آزادی اور بھارت کی بربادی تک جنگ رہے گی جنگ رہے گی کے فلک شگاف نعروں سے فضاء گونج اٹھی ۔

شہید برہان چوک میں منعقدہ احتجاجی مظاہرہ میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض منصور عالم قریشی نے سرانجام دیئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شوکت جاوید میر ملک منور اعوان، مشتاق الاسلام، پروفیسر عبدالرحمان، عز یرغزالی، خواجہ عبدالصمد، منصور عالم قریشی، پروفیسر خانی زمان، غلام جیلانی، راجہ سہیل ناصر، ممتاز میر،زاہد مغل، شامی پیرزادہ، رستم خان مغل، امتیاز علی شاہ، سعید اختر اععوان، فیض اللہ برق، سردار دانش، قمر نواز میر، بابر اعوان، محمد حفیظ مغل، مدثر شیخ، خالد اسماعیل اعوان، اشفاق ماگرے، خلیل الرحمان قمر، غلام ربانی میر، عامر خلیل میر، صوبیدار(ر) عرفان نے کہا کہ بھارت کی درندہ صفت افواج نے ایل او سی پر بسنے والے نہتے مظلوم شہریوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے، کنٹرول لائن پر آئے روز بلا اشتعال فائرنگ و گولہ باری سے نہتے عوام محصور ہو کر رہ جاتے ہیں، کنٹرول لائن پر بھارتی فورسز کی جانب سے نہتے شہریوں ، طلبہ و طالبا ت پر ٹارگٹڈ فائرنگ کی جاتی ہے جو بھارتی دہشتگردی کی زندہ مثال ہے۔

انہوںنے کہا کہ بھارتی بلا اشتعال فائرنگ و گولہ باری سے ایل او سی پر بسنے والے عوام مرعوب نہیں ہونگے بلکہ پاک فوج کیساتھ مل کر بھارت کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملا کر دم لیں گے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ غاصب اور جارح ملک بھارت کیخلاف عالمی سطح پر نوٹس لیتے ہوئے مقدمات درج کروائے جائیں۔ مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے شوکت جاوید میر نے وفاق اور آزاد حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ لائن آف کنٹرول کے متاثرہ علاقوں میں بالعموم اور وادی لیپا کرناہ میں بالخصوص ہنگامی بنیادوں پر بنکرز کی تعمیر کیلئے فنڈز جاری کریں اور شہداء اور زخمیوں کا معاوضہ فوری طور پر ادا کرتے ہوئے زندگی بچانے والی ادویات ، میڈیکل سپیشلسٹ ، گائنا کالوجسٹ، ریسکیو 1122 سروس، فرسٹ ایڈ پوسٹیں ، تربیتی عملہ کو تعینات کر کے بند سڑکیں کھولنے کیلئے بڑی مشینری منتقل کرنے کے احکامات جاری کریں۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہم اپنی افواج کیساتھ کھڑے ہیں ، وادی لیپا میں شدید برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہو جاتی ہیں جس کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن ہو جاتی ہے ایل او سی پر بسنے والے شہریوں بالخصوص واد ی لیپا کے عوام کیلئے واحد رابطہ سڑک بند اور تمام تر رابطے منقطع ہو جاتے ہیں اس کی بحالی اور ایمرجنسی صورتحال کے پیش نظر ہیلی کاپٹر سروس کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

شوکت جاوید میر نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کی جارحانہ دھمکیوں کیخلاف بہادر افواج پاکستان کے سپہ سالا ر جنرل قمر جاوید باجوہ اور قومی سلامتی کے اداروں کی بہترین دفاعی حکمت عملی 20 کروڑ پاکستانی و کشمیری عوام کی متفقہ آواز ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہم اپنی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں بھارت نے اگر میلی آنکھ سے بھی دیکھا تو پاک افواج کیساتھ مل کر دشمن کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملا کر دم لیں گے۔

مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ آزاد کشمیر حکومت کو چاہیے کہ وہ ایل او سی کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی بنکرز کی تعمیر کیلئے اقدامات اٹھائے اور وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان ایل او سی کے متاثرہ عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ہیلی کاپٹر کے ذریعے وادی لیپا کرناہ کا دورہ کر کے اپنا فرض ادا کریں۔ اس موقع پر شرکاء نے بھارت کیخلاف ریلی بھی نکالی جس میں بھارت کیخلاف اور آزادی کے حق میں نعرے بھی لگائے گئے۔ فلک شگاف نعروں سے فضاء گونج رہی تھی۔ ریلی کے اختتام پر شہدائے کشمیر، شہدائے افواج پاکستان، شہدائے ایل او سی کیلئے سابق وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد رشید نے دعا کی۔