میڈیکل کاکشمیری طالب علم بھارتی ریاست اڑیسہ میں لاپتہ

اتوار 25 فروری 2018 16:00

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 فروری2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں ضلع کپواڑہ کے علاقے ملہ سری سے تعلق رکھنے والا ایم بی بی ایس کا طالب علم سہیل اعجازبھارتی ریاست اڑیسہ کے ایک میڈیکل کالج سے لاپتہ ہوگیا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق طالب علم کے والدین نے اڑیسہ کی مقامی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے بچے کی تلاش میں ان کی مدد کی جائے۔

طالب علم کے والدین نے اس سلسلے میں رکھانڈا گیری پولیس سٹیشن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کر ائی ہے۔ سہیل اعجاز کے والد اعجاز احمد کٹاریہ نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کا بیٹا بھبنیشور آل انڈیا انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں 2016سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کر رہا ہے اور 9فروری 2018 سے آس کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہوپارہا ہے۔

(جاری ہے)

اعجاز احمد نے کہاکہ اپنے بیٹے کے ساتھ فون پر ان کا آخری رابطہ 6فروری کو ہوا تھاجس میں اس نے والدین سے جیب خرچ کیلئے پیسے مانگے تھے۔

اعجاز نے کہا کہ 7فروری کو میں نے اس کے اکاونٹ میں پیسے جمع کروا دیے اور اس کے بعد اس کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ اعجاز نے کہا کہ ہم نے سوچا کہ وہ اپنی تعلیم میں مصروف ہو گا اس لئے ہم نے اس کو دوبارہ فون نہیں کیا۔ 18فروری کو جب دوبارہ فون کیا تو اس کا نمبر مسلسل بند آتا رہا جس سے گھر والوں میں تشویش پیدا ہو گئی اور ہم نے اڑیسہ جاکراس کو ڈھونڈنے کا فیصلہ کیا۔اعجاز اس وقت اڑیسہ میں ہے جہاں اس نے پولیس کی مدد سے ہر ممکن جگہ پر بیٹے کی تلاش شروع کر دی ہے لیکن ابھی تک کوئی کامیابی نہیں ملی ہے۔

متعلقہ عنوان :