بھارت میں شادی کا تحفہ کھولتے ہی دھماکہ ، دلہا نانی سمیت ہلاک

دلہن شدید زخمی حالت میں اسپتال داخل،تفتیشی ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردیں،پولیس

اتوار 25 فروری 2018 16:00

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2018ء) بھارت میں ایک نوبیاہتا جوڑے کو شادی میں ملنے والا تحفہ زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں دٴْلہا اور اس کی نانی ہلاک جب کہ دلہن شدید زخمی ہوگئی۔ تفتیشی ٹیموں نے وقوع سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں اور یہ پتا لگانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ دھماکاخیز مواد سے بھرا گفٹ پیک کس شخص نے بھیجا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اودھیشا کے شہر بھوبھینشور میں پیش آیا جہاں نامعلوم شخص کی جانب سے نوبیاہتا جوڑے کو بھیجا گیا تحفہ زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔شادی کے پانچ دن بعد جب سب گھر والے عزیز و اقارب اور دوستوں کی طرف سے ملنے والے تحائف کھولے رہے تھے کہ اس دوران ایک گفٹ پیکٹ کھولا گیا جو دھماکا خیز مواد سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں دلہے کی نانی موقع پر ہی ہلاک ہوگئی۔

(جاری ہے)

دلہے اور دلہن کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دلہا بھی دم توڑ گیا جب کہ دلہن تاحال ہسپتال میں داخل ہے اور ڈاکٹرز نے اس کی حالت تشویش ناک بتائی ہے۔پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے سراغ رساں کتوں اور فرانزک ٹیموں کی مدد لی گئی ہے۔ تفتیشی ٹیموں نے وقوع سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں اور یہ پتا لگانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ دھماکاخیز مواد سے بھرا گفٹ پیک کس شخص نے بھیجا تھا۔

متعلقہ عنوان :