امریکی پابندیاں جنگی اقدام،جوہری ہتھیاراسے ناکام بنادیں گے، شمالی کوریا

امریکہ نے نئی پابندیوں کے ساتھ شمالی کوریا کی ناکہ بندی کرنے کی جو کوشش کی ہے اسے بھی ناکام بنا دیا جائے گا،وزارت خارجہ

اتوار 25 فروری 2018 16:00

پیانگ یانگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2018ء)شمالی کوریا نے اپنے خلاف نئی امریکی پابندیوں کوامریکہ کا ایک جنگی اقدام قرار دیتے ہوئے ان کی شدید مذمت کی ہے۔ امریکا دونوں کوریائی ریاستوں کے بہتر ہوتے ہوئے روابط کو دوبارہ خراب کرنا چاہتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق کمیونسٹ کوریا کے سرکاری میڈیا نے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جنوبی کوریا میں کھیلوں کے سرمائی اولمپک مقابلوں میں دونوں حریف کوریائی ریاستوں کے کھلاڑیوں کا ایک ہی دستے میں شامل ہونا ایسی بڑی پیش رفت ہے، جو شمالی اور جنوبی کوریا کے بہتر ہوتے ہوئے تعلقات کا پتہ دیتی ہے۔

شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کی طرف سے یہ بھی کہا گیا کہ امریکا نے کمیونسٹ کوریا کے خلاف جن نئی پابندیوں کا فیصلہ کیا ہے، وہ واشنگٹن کی اس سوچ کا ثبوت ہے کہ وہ دونوں کوریاؤں کے بہتر ہوتے ہوئے روابط کو دوبارہ خراب کرنا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کمیونسٹ کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے نے لکھاکہ دونوں کوریائی ریاستوں نے ایک دوسرے کے ساتھ بہت اچھی طرح تعاون کیا اور جنوبی کوریا میں اولمپک مقابلوں کا انعقاد کامیاب رہا۔

لیکن امریکا وسیع پیمانے پر پیونگ یانگ کے خلاف نئی پابندیوں کے ساتھ جنگ کے خطرے کو ایک بار پھر جزیرہ نما کوریا پر لے آیا ہے۔شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کے مطابق سیئول میں سرمائی اولمپک مقابلوں کی اختتامی تقریب سے کچھ ہی پہلے امریکا کی طرف سے ڈیموکریٹک پیپلز ریپبلک آف کوریا کے خلاف نئی پابندیوں کا عائد کیا جانا ایک ایسا جارحانہ قدم ہے، جسے پیونگ یانگ اپنے خلاف ایک جنگی اقدام ہی سمجھے گا۔

بیان کے مطابق پیونگ یانگ حکومت امریکا کے ان اقدامات کی مخالفت جاری رکھے گی اور واشنگٹن نے نئی پابندیوں کے ساتھ شمالی کوریا کی ناکہ بندی کرنے کی جو کوشش کی ہے، اسے بھی ناکام بنا دیا جائے گا۔پیونگ یانگ سے ملنے والی دیگر رپورٹوں کے مطابق شمالی کوریا نے انہی امریکی پابندیوں کے حوالے سے کہا کہ امریکا شمالی کوریا کے خلاف جو اقدامات کر رہا ہے، ان اقدامات اور خطرات کو جوہری ہتھیار ناکام بنا دیں گے۔