پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹریک ٹو مذاکرات کیلئے افغانستان کا بارہ رکنی وفد اسلام آباد پہنچ گیا ،ْمذاکرات (آج)ہونگے

وفد کے ارکان وزارت خارجہ کے اعلیٰ اہلکاروں ،ْ وفاقی وزیر عبد القادر بلوچ ،ْ قومی سلامتی کے مشیر سے ملاقاتوں کے علاوہ سینٹ کا بھی دورہ کرینگے

اتوار 25 فروری 2018 16:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2018ء) پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹریک ٹو مذاکرات کیلئے افغانستان کا بارہ رکنی وفد اتوار کو اسلام آباد پہنچ گیا ہے جس میں حکومتی مشیر ،ْ اراکین پارلیمنٹ اور سول سوسائٹی کے ممبران شامل ہیں ۔مذاکرات (آج)پیر کو اسلام آبادمیں ہونگے جس میں دونوں حکومتوں کو قریب لانے کیلئے مختلف امورپر گفتگو کی جائیگی ۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے دور ان ڈائیلانگ کے شرکاء وزارت خارجہ کے اعلیٰ اہلکاروں ،ْ وزارت ریاستیں و سرحدی امور کے وزیر عبد القادر بلوچ ،ْ قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ سے ملاقاتوں کے علاوہ سینٹ کا بھی دورہ کرینگے ۔شرکاء قائد اعظم اور اسلامی یونیورسٹی میں طلباء و طالبات سے بھی خطاب کرینگے ۔

(جاری ہے)

افغان وفد میں قومی اسمبلی کی اراکین حلے ارشاد ،ْ رنگینہ کارگر ،ْافغان چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر عبداللہ عبد اللہ کے مشیر مزمل شنواری ،ْ پاکستان میں طالبان کے سابق سفیر عبد الحکیم مجاہد ،ْ ننگر ہار کے سابق گور نر سلیم خان قندوزی اور ڈاکٹر عبد اللہ کے مشیرفریدون سکندر ،ْننگر ہار صوبے کے اسمبلی کے نائب لال محمد خان درانی ،ْ پاکستان افغانستان چیمبر کے شریک چیئر مین خان جان الکوزئی اور پاک افغان چیمبر کے رکن نقیب اللہ صافی شامل ہیں ۔

اراکین پاکستان میں افغان مہاجرین ،ْپاکستان اور افغانستان کے درمیان اقتصادی تعلقات ،ْ راہداری تجارت اور افغانستان میں امن مذاکرات کے موضوعات پر تبادلہ خیال کرینگے ۔تین روزہ مذاکرات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائیگا ۔