بھارتی فوج کی اشتعال انگیزیاں ،ْ شہریوں کے جانی نقصان کے پیش نظر کنٹرول لائن کے ساتھ مقیم آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا منصوبہ تیار

ہزاروں افراد کو محفوظ علاقوں میں آباد کرنے کے حوالے سے ضروری انتظامات کریں جن کی زندگیوں کو براہ راست خطرہ لاحق ہے ،ْ وزیر اعظم آزاد کشمیر کی ہدایت کنٹرول لائن پر کشیدگی برقرار رہنے کی صورت میں انخلا کے منصوبے پرعملدر آمد شروع ہو جائے گا ،ْ نجی ٹی وی کی رپورٹ میں دعویٰ

اتوار 25 فروری 2018 16:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2018ء) آزاد کشمیر حکومت نے بھارتی فوج کی حالیہ اشتعال انگیزیوں سے شہریوں کے جانی نقصان کے پیش نظر کنٹرول لائن کے ساتھ مقیم آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے انخلا کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر حکومت کے ذرائع نے بتایا کہ یہ فیصلہ بھارتی فوج کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ نہ رکنے کے باعث کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے ضلعی انتظامیہ اور ایل او سی سے ملحقہ علاقوں کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ ان ہزاروں افراد کو محفوظ علاقوں میں آباد کرنے کے حوالے سے ضروری انتظامات کریں جن کی زندگیوں کو براہ راست خطرہ لاحق ہے ۔ذرائع کے مطابق کنٹرول لائن پر کشیدگی برقرار رہنے کی صورت میں انخلا کے منصوبے پرعملدر آمد شروع ہو جائے گا۔ ابتدائی طور پر بھارتی فائرنگ سے براہ راست متاثر ہونے والے دیہات کی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے گا اور اگر جنگ بندیوں کی خلاف ورزیاں نہ رکیں تو انخلاء کی سرگرمیوں کا دائرہ سیکٹر کی سطح تک بڑھادیا جائے گا۔