الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیوں سے متعلق اجلاس (آج)بلا لیا

گائیڈ لائنز شائع کیے بغیر نئی حلقہ بندیوں کا مسودہ تیار کرنے پر بعض سیاسی جماعتوں کا سخت تحفظات کا اظہار الیکشن کمیشن کی طرف سے آئندہ چند دنوں میں حلقہ بندیوں کا اعلان متوقع

اتوار 25 فروری 2018 16:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نئی حلقہ بندیوں سے متعلق سیاسی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس (آج) پیر کو طلب کرلیا۔رولز کے مطابق گائیڈ لائنز شائع کیے بغیر نئی حلقہ بندیوں کا مسودہ تیار کرنے پر بعض سیاسی جماعتوں نے سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے ،ْ نئی حلقہ بندیوں کا معاملہ متنازع ہونے کاخدشہ پیدا ہو گیا۔

سیاسی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس پیر کو دن ساڑھی12 بجے الیکشن کمیشن میں طلب کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نئی حلقہ بندیوں کے مسودے پر سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے گا۔دوسری طرف ن لیگ ،ْ ایم کیو ایم سمیت بعض سیاسی جماعتوں نے تحفظات ظاہر کیے ہیں کہ الیکشن کمیشن نے قانون اور قواعد کے مطابق نئی حلقہ بندیوں سے متعلق گائیڈ لائنز شائع کیے بغیر نئی حلقہ بندیوں کا مسودہ کیسے تیار کر لیا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے آئندہ چند دنوں میں حلقہ بندیوں کا اعلان متوقع ہے اور اس سے قبل محض دکھاوے کیلئے مشاورتی اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق سیاسی جماعتیں مشاورتی اجلاس میں بھر پور اعتراضات اٹھائیں گی اور خدشہ ہے کہ نئی حلقہ بندیوں کا معاملہ متنازع ہوجائے گا ۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے ترجمان الیکشن کمیشن سے رابطے کی کوشش مگر ان کا موبائل نمبر بند ملا۔

متعلقہ عنوان :