قومی ٹیم سکس بی آئی بی سی انٹرنیشنل ٹین پن ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی، اعجاز الرحمن

اتوار 25 فروری 2018 15:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2018ء)پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اعجاز الرحمن نے کہا ہے کہ قومی ٹیم سکس بی آئی بی سی انٹرنیشنل ٹین پن ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی، یہ ٹورنامنٹ 11 سے 17 مارچ تک دبئی میں کھیلا جائے گا، انہوں نے کہا کہ اس انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں 60 سے زائد ملکوں کے کھلاڑی حصہ لیں گے اور پاکستان سپورٹس بورڈ نے ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے این او سی جاری کر دیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کے کھلاڑی تربیت حاصل کر رہے ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہ فیڈریشن نے غیر ملکی ملائیشین کوچ کے بارے میں پاکستان سپورٹس بورڈ کو لکھ کر دیا ہوا ہے جس کا ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا، انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے بلکہ حکومت دیگر کھیلوں کی طرح ٹین پن بائولنگ کو بھی سہولیات فراہم کرے تو ہمارے کھلاڑی انٹرنیشنل سطح پر میڈل حاصل کر سکتے ہیں، اعجاز الرحمن نے کہا کہ فیڈریشن اپنی مدد آپ کے تحت کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کے لئے بھیجتی ہے اور حکومت کو بھی چاہئے غیر ملکی دوروں کے لئے گرانٹ مہیا کر ے،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں غیرملکی کھلاڑیوں کی کثیر تعداد ہمارے رابطے میں ہے جو پاکستان آکر کھیلنا چاہتے ہیں لیکن ہمارے پاس انٹرنیشنل سطح کی سہولیات نہیں ہیں، حکومت کو فوری طور پر اس سلسلہ میں اقدامات کرنے چاہئے