جی ایس پی پلس کی معیاد بڑھنا خوش آئند ہے،برآمدات میں بہتری آئیگی‘پیاف

اس بارجی ایس پی پلس کا بھرپور فائدہ اٹھانا ہو گا، ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے شعبے میں ترقی کرنا ہو گی‘ عرفان اقبال شیخ،شاہزیب، تنویر احمد صوفی

اتوار 25 فروری 2018 15:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2018ء)پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) کے چیئر مین عرفان اقبال شیخ ، سینئر وائس چیئر مین تنویر احمد صوفی اور وائس چیئر مین خواجہ شاہ زیب اکرم نے یورپین یونین کی طرف سے مزید دو سال تک جی ایس پی پلس کی رعایت جاری رکھنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور اسے ملکی معیشت کی طرف ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔

عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ یو رپی یونین کیطرف سے جی ایس پی پلس کی رعایت جاری رکھنا ایک اہم فیصلہ ہے جس سے پاکستان کی برآمدات کو سہارا ملے گا لیکن اس کے لئے برآمدات میں بہتری کی شدید ضرورت ہے۔ ہم -جی ایس پی پلس سکیم کا فائدہ نہیں اٹھا پا رہے ہیں چونکہ گذشتہ تین سالوں سے ہمارا برآمدی ہدف پورا نہیں ہوپارہا ۔

(جاری ہے)

جی ایس پی پلس سکیم فیز ٹو سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے ایک جامع ٹریڈ پالیسی کی اشد ضرورت ہے۔

چیئرمین پیاف عرفان اقبال شیخ نے وائس چیئر مین پیاف تنویر احمد صوفی و خواجہ شاہ زیب اکرم کے ہمراہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کی پیداواری لاگت زیادہ ہے اور پاکستان کی برآمدات مخصوص مصنوعات اور مخصوص ممالک تک محدود ہیں جن کی وجہ سے ہم برآمدات بڑھانے کا خواب پورا نہیں کرپا رہے اور اس سکیم سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھا سکے کیونکہ صنعت و تجارت کے شعبے کو پچھلے چند سالوں سے مختلف مسائل کا سامنا رہا ہے۔

یورپی یونین کی طرف سے جی ایس پی پلس کا درجہ رکھنے والے ممالک میں سے پاکستان خاطر خواہ استفادہ نہیں کر سکاہے۔ ہمیں ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے شعبے میں ترقی کرنا ہو گی جس سے عالمی سطح پر تیزی سے بڑھتے چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکے گا ۔ ترقی یافتہ ممالک ریسرچ کرکے نئے ذرائع تلاش کر رہے ہیںجبکہ ہم خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں۔پیاف عہدیداران نے کہا جی ایس پی پلس فیز ٹو سے فائدہ اٹھانے کے لئے اشد ضروری ہے کہ انڈسٹری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔