چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کاوحدت روڈ اتوار بازار کا دورہ ،سر کاری نرخوں کے مطابق فروخت کا جائزہ لیا

کم تولنے اور دیگر شکایات پر تین سٹالز فوری منسوخ ، دو دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کرا دیا گیا

اتوار 25 فروری 2018 15:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2018ء)چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے وحدت روڈ اتوار بازار کا دورہ کر کے اشیائے خوردونوش کے معیار اور سر کاری نرخوں کے مطابق فروخت کا تفصیلی جائزہ لیا ، کم تولنے اور دیگر شکایات پر تین سٹالز فوری منسوخ جبکہ دو دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کرا دیا گیا ۔چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان انتظامیہ کے افسران کے ہمراہ اچانک وحد ت روڈ اتوار بازار پہنچ گئے جہاں انہوںنے تمام سٹالز کا دورہ کر کے اشیائے خوردونوش کے معیار اور سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت کا جائزہ لیا ۔

میاں عثمان نے صارفین کی جانب سے خریدی گئی اشیاء کا اپنی موجودگی میں الیکٹرانک کنڈے پر دوبارہ وزن چیک کیا اور کم تولنے اور دیگر شکایات پر تین سٹالز فوری منسوخ جبکہ دو دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کرا دیا گیا ۔

(جاری ہے)

چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی نے خریداری کیلئے آنے والوں سے بھی قیمتوں بارے آگاہی حاصل کی اوران کی جانب سے دی جانے والی تجاویز پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میاں عثمان نے کہا کہ کسی کو بھی عوام کی جیبوں پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے ۔زیادہ قیمت وصول کرنے والوں کی طرح کم تولنے والے بھی کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔اتوار بازار کے طے شدہ ضابطے کی خلاف ورزی پر کسی سے رعایت نہیں برتی جائے گی ۔