دبئی کے حکمراں کی طرف سے 10 لاکھ درہم مشاہرے کی ملازمت کا اعلان

اتوار 25 فروری 2018 15:30

دبئی کے حکمراں کی طرف سے 10 لاکھ درہم مشاہرے کی ملازمت کا اعلان
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 فروری2018ء) متحدہ عرب امارات کے نائب صدر ، وزیراعظم اور دبئی کے حکم راں شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے ایک ملازمت کا اعلان کیا ہے جس کے لیے دیے جانے والے مشاہرے کی رقم دس لاکھ اماراتی درہم ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق ٹوئیٹر پر مذکورہ اسامی سے متعلق ٹوئیٹ میں شیخ محمد کا کہنا ہے کہ 2018 میں "امید ساز" کے منصب پر کام کرنے کے لیے امیدوار کو عرب شہریت کا حامل ہونا چاہیے۔

امیدوار کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں تاہم اس کے پاس سماجی خدمت کے میدان میں کام کرنے کا تجربہ ہونا چاہیے۔ امیدوار زندگی کے حوالے سے مثبت ویژن کا حامل ہو اور اسے درد مندی اور خدا ترسی کی زبان پر عبور حاصل ہو۔مذکورہ اسامی کا اعلان "امید سازوں" کے اس منصوبے کے ضمن میں کیا گیا ہے جس کا آغاز گزشتہ برس شیخ محمد کی جانب سے کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے مئی 2017 میں اچانک یہ اعلان سامنے آیا کہ عرب دنیا سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد کو امید ساز شخصیات کا خطاب دیا گیا ہے۔

پانچوں امید ساز شخصیات کی دبئی شہر میں ایک اسٹوڈیو میں باقاعدہ تاج پوشی کی گئی۔ اور شیخ محمد کی جانب سے فی کس 10 لاکھ درہم کی رقم دی گئی۔ یہ وہ "امید ساز" شخصیات تھیں جو انسانی رہ نمائی اور ہدایت کے لیے مینارہ نور ہونے کے ساتھ ساتھ خیر و فلاح کے باب میں بھی پیش پیش رہیں۔شیخ محمد کی جانب سے پانچ "امید سازوں" میں مجموعی طور پر 50 لاکھ درہم کی تقسیم اپنی نوعیت کا دنیا کا گراں قیمت انعام ہے۔یاد رہے کہ ان پانچ حتمی "امید سازوں" کے انتخاب کے لیے ہونے والے مقابلے میں 22 ممالک کے 65 ہزار امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا۔

متعلقہ عنوان :