چین کا شام کے حوالے سے سلامتی کونسل کی قرارداد پر مکمل عمل درآمد پر زور

مسئلہ شام کا واحد راستہ سیاسی حل ہی ہے ، عالمی برادری کو آگے بڑھتے ہوئے مل کر کام کرنا چاہیے، اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب ما چھاوشو کا سلامتی کونسل سے خطاب

اتوار 25 فروری 2018 15:10

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 فروری2018ء) چین نے شام کے حوالے سے سلامتی کونسل کی قرارداد پر مکمل عمل درآمد پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ شام کا سیاسی حل ہی واحد راستہ ہے ، عالمی برادری کو آگے بڑھتے ہوئے مل کر کام کرنا چاہیے۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب ما چھاوشو نے سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے شام میں تیس روزہ جنگ بندی کے حوالے سے سلامتی کونسل میں منظور کی جانے والی قرارداد پر مکمل عمل درآمد پر زور دیا ہے۔

ما نے کہا کہ عالمی برادری کو آگے بڑھتے ہوئے مل کر کام کرنا چاہیے تا کہ مذکورہ قرارداد پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے اور شام میں انسانی صورتحال کی بہتری کے لیے مثبت کردار ادا کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ چین چاہتا ہے کہ سلامتی کونسل متحد رہے اور شامی مسئلے کے حوالے سے اتفاق رائے کو فروغ دیا جائے تا کہ شامی فریقین کے درمیان جنگ بندی کے رحجان کو فروغ دیا جا سکے ، دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ میں تعاون کو مضبوط کیا جا سکے ، مسئلہ شام کے سیاسی حل کے عمل کو آگے بڑھایا جا سکے اور شام اور خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے ایک تعمیری کردار ادا کیا جا سکے۔ چینی مندوب نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ شام کا سیاسی حل ہی واحد راستہ ہے ۔