آزاد کشمیر میں زمینوں کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کیلئے پائلٹ پراجیکٹ پر کام جاری ہے‘ سیکرٹری اطلاعات ‘ سیاحت وآئی ٹی

پائلٹ پراجیکٹ کے تحت پہلے مرحلہ میں آزاد کشمیر کی تین تحصیلوں ڈڈیال ، دھیرکوٹ اور ہٹیاں بالا کے لینڈ ریکارڈ کوکمپیوٹرائز کرنے پر کام شروع کررکھاہے‘مدحت شہزاد

اتوار 25 فروری 2018 14:40

ڈڈیال /میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2018ء) آزادجموں وکشمیرکی سیکرٹری اطلاعات،سیاحت و آئی ٹی محترمہ مدحت شہزادنے کہاہے کہ آزادجموں وکشمیر بورڈ آف ریونیو نے آزادکشمیرمیں زمینوں کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے لیے پائلٹ پراجیکٹ کے تحت پہلے مرحلہ میں آزاد کشمیر کی تین تحصیلوں ڈڈیال ، دھیرکوٹ اور ہٹیاں بالا کے لینڈ ریکارڈ کوکمپیوٹرائز کرنے پر کام شروع کررکھاہے ۔

لینڈ ریکارڈ کو کمپوٹرائز کرنے کے لئے آزاد جموں وکشمیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین ’’لینڈ ریکارڈمنیجمنٹ اینڈانفارمیشن سسٹم ‘‘کے تحت ریکارڈ مال کو کمپوٹرائزڈ سسٹم میں منتقل کررہے ہیں جس سے ان تینوں تحصیلوں کی زمینوں کا ریکارڈ ویب سائٹ پربھی موجود ہوگا ۔

(جاری ہے)

جس کے متعلقہ ان تحصیلوں کے باشندگان دنیا کے کسی بھی علاقہ میں آباد آن لائن سسٹم کے تحت اپنی اراضی کے متعلق معلومات تک رسائی حاصل کر سیکیں گے ۔

ڈڈیال تحصیل کے 14مواضعاجات کی اراضی کا ریکارڈ کمپوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے جہاں بائیومیٹرک طریقے سے زمیندار اپنی زمینوں کے متعلق نقل جمع بندی،نقل فرد، نقل انتقال ،نقل خسرہ گرداوری حاصل کرسکتے ہیں ۔ اس پائلٹ پراجیکٹ کے تحت فیز ٹومیں آزادکشمیرکی مزید7 تحصیلوں اور اس کے بعد پورے آزادکشمیرمیں لینڈ ریکارڈ کو کمپیوٹرائز کردیاجائے گا۔

اس کمپیوٹرائزیشن پراجیکٹ کے تحت پورے آزاد کشمیر میں زمینوں کے متعلق جہاںعوام الناس اور زمینداروں کو آراضی کے متعلق جملہ معلومات گھر بیٹھے حاصل ہونگی وہاں محکمہ مال کے ریکارڈ میں توڑ پھوڑ کی گنجائش بھی نہیں ہوگی ۔اس کمپیوٹرائزنظام سے بالخصوص اوورسیز کو اپنی زمینوں کی متعلق معلومات دیار غیر میں بیٹھے مل جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل ڈڈیال میں آزاد جموں وکشمیرانفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تحت لینڈ ریکارڈ کو کمپوٹرائز کرنے کے حوالے سے قائم کردہ ’’لینڈ ریکارڈمنیجمنٹ اینڈ انفارمیشن سنٹر‘‘ کے دورہ کے دوران معائنہ کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری محمد طیب،ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی ڈاکٹر خالدرفیق ، اسسٹنٹ کمشنر ڈڈیال چوہدری محمد نعیم ،محکمہ مال کے انچارج سنٹر تحصیلدار محمد رفیق مغل ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمدجاوید ملک، پراجیکٹ منیجر،انچارج سروسز سنٹر محمد عثمان اور محکمہ مال اور آئی ٹی کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔ کمشنرمیرپورڈویژن چوہدری محمد طیب نے بتایا کہ تحصیل ڈڈیال کے 14 مواضعاجات جن میں بٹھار،پنور،کرارں سیداں ،چک بہوپا،منڈی،جمیاں سندھیرا،بندریاںبلاگڑاں،بھلوٹ،دودھ پڑاٹ،سین بڑوٹیاں،پھاگلیاں،پھیرسیداں،ڈڈیال،اور کلروڑی کا جملہ ریکارڈ بعد از جانچ پڑتال کمپوٹرائزڈ ہوگیاہے ۔

ان مواضعاجات کے عوام اپنی زمینوں کے متعلق نقول بائیومیٹرک سسٹم کے تحت حاصل کر سکتے ہیں ۔بقیہ مواضعاجات کے ریکارڈ کی پڑتال کے بعد مرحلہ وار کمپوٹرائزڈ کیا جارہاہے تاکہ کہیں کوئی غلطی باقی نہ رہ جائے اس سلسلہ میں محکمہ مال اور آئی ٹی کے ایکسپرٹ بھرپور ذمہ داری سے کام کررہے ہیں۔آزاد کشمیر میں لینڈ ریکارڈ کو کمپوٹرائزڈ کرنے کا بنیادی مقصد عوام الناس کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بائیومیٹرک سسٹم کے تحت اصل مالک ہی سنٹر میں آکر نقول لے سکتا ہے۔آزادکشمیر کی سیکرٹری اطلاعات، آئی ٹی بورڈو سیاحت محترمہ مدحت شہزاد نے تحصیل ڈڈیال میں لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کے حوالے سے قائم کردہ سنٹرکا تفصیلی جائز ہ لیا اور کمپوٹرائزڈ نقول فراہم کئے جانے کی عملی پڑتال کی ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ مال کے ریکارڈ کے کمپیوٹرائزڈ ہونے سے لوگوں کی محکمہ مال سے متعلق شکایات کافی حد تک دور ہوجائیں گی اور ریکارڈ میں خورد برد اورتوڑ پھوڑ سمیت دیگر تمام خرابیوں کا بھی خاتمہ ہوگا۔

انھوں نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر کی طرف سے لینڈ ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے لیے جوہدایات اور اہداف مقرر کئے گے ہیں آزاد جموں وکشمیرانفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اس پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے اس سلسلے میں محکمہ مال کے ریکارڈ کو کمپوٹرائز کرنے کا کام تکمیل کے آخری مراحل میںشامل ہوگیاہے۔

متعلقہ عنوان :