جو بھی پارٹی صدر آئے گا وہ نواز شریف کے ہی نظریئے کو لیکر چلے گا ‘ رانا تنویر حسین

غیر ملکی سازشیوں نے ملک کے اندر بیٹھے سازشیوں کے ذریعے نواز شریف کو ہٹایا ‘ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار

اتوار 25 فروری 2018 14:40

مریدکے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2018ء) وفاقی وزیر دفاعی پیداوارسائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ جو بھی پارٹی صدر آئے گا وہ نواز شریف کے ہی نظریئے کو لیکر چلے گا ، غیر ملکی سازشیوں نے ملک کے اندر بیٹھے سازشیوں کے ذریعے نواز شریف کو ہٹایا ۔مریدکے میں سابق ڈی ایس پی رانا فضل الٰہی کے بیٹے کی شادی کی تقریب اور سینئر صحافی رانا جعفر حسین کے بڑے بھائی اور صحافی باقر علی کے والد کی رسم چہلم میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ منگل 27 فروری کو مسلم لیگ (ن) کا پارٹی اجلاس ہے جس میں پارٹی صدر کا فیصلہ ہوجائے گا ،میرے خیال میں شہباز شریف پارٹی صدر بنیں گے باقی ،جو فیصلہ کرے گی سب کو قابل قبول ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سازشیوں نے ملک کے اندر بیٹھے سازشیوں کے ذریعے نواز شریف کو ہٹایا کیونکہ ان کو معلوم تھا کہ جمہوری طریقے سے نواز شریف کو سیاسی طور پر نہیں ہٹا سکتے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف ہی مسلم لیگ (ن) کی ہمیشہ قیادت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور بھارت پاکستان پر پابندیاں لگوانے میں پہلے کامیاب ہوئے نہ آئندہ ہوسکیں گے کیونکہ دوست ممالک کے ذریعے ہم دنیا کو بتانے میں کامیاب ہوئے کہ دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی قربانیاں سب سے زیادہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے سرحدی خلاف ورزیوں سے خطہ کا امن تباہ کر دیا ہے ہماری مسلح افواج بھارت کو بھر پور جواب دے رہے ہیں بھارتی قیادت کو بھی چاہئے کہ عقلمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سوچ سمجھ کر بیان دیں ۔

متعلقہ عنوان :