حکومت تعلیم کی آڑ میں لوٹ مار کرنیوالے تعلیمی اداروں کیخلاف سخت ایکشن لے رہی ہے‘ رفیق رجوانہ

ہمارے بچے پاکستان کا مستقبل ہیں یہ محفوظ ہیں تو پاکستان محفوظ رہے گا ‘ گورنر پنجاب کا تقریب سے خطاب ، وفد سے گفتگو

اتوار 25 فروری 2018 14:40

مریدکے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ہمارے بچے پاکستان کا مستقبل ہیں یہ محفوظ ہیں تو پاکستان محفوظ رہے گا ،جو تعلیمی ادارے تعلیم کی آڑ میں لوٹ مار کر رہے ہیں حکومت ان کے خلاف سخت ایکشن لے رہی ہے ۔مریدکے میں نجی تعلیمی ادارے چاند باغ سکول کی سالانہ تقریب میں خطاب اور متحدہ پریس کلب مریدکے کے چھ رکنی وفد اللہ رکھا عامل ، عبدالمجید چوہان، رانا جعفر حسین ، میاں عمران الٰہی ، آغا محسن رضا اور ہارون شیخ کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دفاق مضبوط ہے تو پاکستان مضبوط ہے ،بچوں میں پاکستان کی وفا اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ہر سکول کی اپنی یونیفارم بچوں میں پاکستان کا رنگ بکھیرتی نظر آرہی ہے حکومت کی کوشش ہے کہ ہر میدان میں خاص کر تعلیم اور صحت میں میرٹ اور معیار کو ترجیح دی جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شورکوٹ دورہ کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان نے ان کو ایک طالب علم کے داخلہ کیلئے چٹ دی کہ ہمارے ایک ایم این اے کے بیٹے کو لاہور کے ایچیسن کالج میں داخلہ مل جائے میں نے وزیر اعظم پاکستان سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ پر کمپرومائز نہیں ہو سکتا جس پر وزیر اعظم نے مجھے شاباش دیتے ہوئے کہا کہ میرٹ ہی اصل ترقی اور خوشحالی کا دروازہ ہے وزیر اعظم نے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ تمام تعلیمی اداروں میں میرٹ کی ترجیح ہونی چاہئے میں بھی سفارش کروں تو نہ مانیں ۔

انہوں نے کہا جب بیٹا تعلیمی میدان میں کامیابی کے بعد انعام لے رہا ہوتا ہے تو والدین کیلئے اس سے بڑی خوشی کوئی نہیں ہو سکتی ۔تعلیم کا ہی کمال ہے کہ ہماری بچے پڑھ لکھ کر ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں اور تعلیم ہی ایک ایسا ہتھیار ہے جس کے ذریعے دہشت گردی کو ختم کیا جا سکتا ہے پاکستان کا مستقبل ہمارے بچے ہیں بچے محفوظ ہیں تو پاکستان مضبوط ہے دہشت گردی پر قوم اور سیاست متحد ہو گئی فوج ، پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں نے خون دے کر پاکستان کو محفوظ کیا تعلیم کے ذریعے ہی دنیا میں ترقی آتی ہے ۔

انہوں نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ نے آسمان چھونا ہے کیونکہ آپ ہی پاکستان ہو آج ٹیکنالوجی کا دور ہے لیپ ٹاپ کھولو دنیا سامنے ہے دنیا کی بھاگ دوڑ آپ نے سنبھالنی ہے آپ بچے چاند ہیں جن کی روشنی پو رے ملک میں چمکے گی میں اور حکومت آپ کے سفیر ہیں آپ کو اچھے تعلیمی ماحول اور ادارے دینا ہمارا فرض ہے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کی آڑ میں جو تعلیمی ادارے لوٹ مار کر رہے ہیں حکومت ان کے خلاف سخت ایکشن لے رہی ہے جبکہ جو تعلیمی ادارے تعلیم کے نام خدمت کر رہے ہیں حکومت ان کو سپورٹ کر رہی ہے ۔

تقریب کے اختتام پر گورنر پنجاب سے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے افراد نے ملاقات کی اور شکوہ کیا کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں کوٹہ کے مطابق بلوچستان کے طلبہ کو داخلہ نہیں دیا جا رہا جس پر گورنر پنجاب نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اس کی انکوائری کروائیں گے کیونکہ تمام صوبوں کو پنجاب میں کوٹہ کے مطابق تعلیمی اداروں میں داخلہ دیا جا رہا ہے ۔