مٹرکی فصل کو موسمی اثرات سے بچاکر بہتر پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے،ماہرین زراعت

اتوار 25 فروری 2018 14:20

قصور۔25 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2018ء)ماہرین زراعت نے کہاہے کہ مٹرکی فصل کو موسمی اثرات سے بچاکر بہتر پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے لہذاکاشتکار اچھی پیداوار کے حصول کیلئے فصل کو موسمی اثرات سے بچائیں اور کورے دھند سے متاثرہ فصل میں 3سی4کلوگرام یوریا 100لیٹرپا نی میں ملاکر سپرے کریں تاکہ اسے منفی اثرات سے بچانے میں مدد مل سکے۔

(جاری ہے)

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ کاشتکار سردموسم میں آبپاشی کا وقفہ بڑھاکر 15دن کردیں اورخالص بیج کے حصول کیلئے پھول آنے اور پھلیاں بننے پر چھدرائی کریں نیز جو پودے مطلوبہ قسم کے مطابق نہ ہوں انہیں نکال دیں۔ انہوں نے کہا کہ فصل میں پھول پرآدھی بوری یوریا فی ایکڑ کے حساب سے ڈالیں ۔ انہوں نے مزیدبتایا کہ درجہ حرارت کم ہونے پر مٹرکی اگیتی فصل پر اکھیڑاکی بیماری حملہ آورہوتی ہے جس سے پوداجڑ سے سوکھ جاتا ہے لہذاماہرین زراعت کی مشاور ت سے اس بیماری سے بچائو کیلئے نئی کیمسٹری کی ادویات کا سپرے ضروری ہے۔انہوں نے بتایا کہ ا س ضمن میں محکمہ زراعت (توسیع و پیسٹ وارننگ)کے مقامی عملہ سے بھی مشورہ کیاجاسکتاہے۔