جاتی امراء کے مکینوں کو احتساب سے ڈر لگ رہا ہے ‘ خرم نواز گنڈا پور

آج ہماری قوم کو اپنے اچھے اور برے کی تمیز کرنے کی ضرورت ہے ‘ تقریب سے خطاب

اتوار 25 فروری 2018 12:40

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2018ء)پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ عوام کے شعور کو بیدار کرنے کیلئے طاہر القادری کی خدمات ناقابل فراموش ہیں سینکڑوں کتب کے ذریعے انہوں نے قوم کو شعور دیا آج ہماری قوم کو اپنے اچھے اور برے کی تمیز کرنے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار رائے ونڈ میں طاہر القادری کی سالگرہ کا کیک کاٹنے کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ملک ظہیر عباس کھوکھر ،خالد گجر ،پیپلز پارٹی کے میاں اسلم ،جماعت اسلامی کے ڈاکٹر رحمت شیخ ،مرکزی جمعیت اہل حدیث کے اسامہ خاں،چیئر مین پریس کلب شیخ طارق جاوید سمیت دیگر جماعتوں کے رہنما موجود تھے ۔خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق کہتے تھے کہ ہم لوہے کے بنے ہیں ہم ناقابل تسخیر ہیں آج قوم دیکھ رہی ہے کہ وہ لوہے کے چنے چبانے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جاتی امراء کے مکینوں کو احتساب سے ڈر لگ رہا ہے بے گناہوں کا خون بہانے والے حکمران اس خوش فہمی کا شکار ہیں کہ انہیں 2018میں دوبارہ عوام مینڈیٹ دے گی ،پاکستان کی غیور عوام جان چکی ہے کہ انکے وسائل پر شب خون مارنے والے کون ہیں۔تقریب کے اختتام پر سالگرہ کا کیک کاٹا گیا سینکڑوں افراد نے تقریب میں شرکت کی ۔