اداکارہ سری دیوی دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئیں

دبئی میں اپنے خاوند بونی کپور اور بیٹی کے ہمراہ موجود تھیں‘ اچانک دل کا دورہ پڑا اور وہ جانبر نہ ہوسکیں 55سالہ سری دیوی 13 اگست 1963ء کو بھارت میں پیدا ہوئیں، ان کا پورا نام سری دیوی کپور تھا

اتوار 25 فروری 2018 11:00

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2018ء) بالی ووڈ کی لیجنڈ اداکارہ سری دیوی دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ کی عمر 55 سال تھی اور وہ عارضہ قلب میں مبتلا تھیں، وہ دبئی میں اپنے خاوند بونی کپور اور بیٹی کے ہمراہ موجود تھیں کہ انہیں اچانک دل کا دورہ پڑا اور وہ جانبر نہ ہوسکیں۔سری دیوی 13 اگست 1963ء کو بھارت میں پیدا ہوئیں، ان کا پورا نام سری دیوی کپور تھا، انہوں نے 1976ء میں ایک تامل فلم میں مرکزی کردار ادا کرکے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا، وہ فلم پروڈیوسر بھی رہیں، انہوں نے تامل، تیلگو اور ملیالم سمیت بالی ووڈ فلموں میں کام کیا، 1985ء میں انہوں نے اداکار متھن چکرورتی سے شادی کی جو کامیاب نہ ہوئی اور 3 سال بعد ہی ٹوٹ گئی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں انہوں نے 1996ء میں فلم پروڈیوسر بونی کپور سے شادی کی جو مرتے دم تک کامیاب رہی، انہوں نے بالی ووڈ فلموں سولہواں ساون (1978)، ہمت والا، موالی، تحفہ، نیا قدم، مقصد، ماسٹر جی، نذرانہ، مسٹر انڈیا، وقت کی آواز، چاندنی، صدمہ، نگینہ، چالباز، لمحے، خدا گواہ، گمراہ، لاڈلہ، جدائی (1997) میں کام کیا۔ بعدازاں 15 برس کے وقفے کے بعد ان کی فلم انڈسٹری میں واپسی ہوئی اور انہوں نے 2013ء میں فلم انگلش ونگلش اور 2017ء میں فلم مام میں کام کیا۔

متعلقہ عنوان :