راولپنڈی،اڈیالہ جیل روڈ پر واقع سفاری انکلیو IIپر ناجائز قبضے کیلئے ایک بار شیخ وحید گروپ کا حملہ

شیخ وحید کے سگے بھائی شیخ غلام رسول نے 25مسلح افراد کے ہمراہ آتشیں اسلحہ سے فائرنگ کرتے ہوئے ہائوسنگ کالونی پر قبضہ کیا ملزم پارٹی پہلے بھی اسی کالونی پر قبضے کیلئے ایک سیکیورٹی ہیڈ کو قتل کرچکی ہے

اتوار 25 فروری 2018 00:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2018ء) اڈیالہ جیل روڈ پر واقع سفاری انکلیو IIپر ناجائز قبضے کیلئے ایک بار شیخ وحید گروپ نے حملہ کردیا ۔ شیخ وحید کے سگے بھائی شیخ غلام رسول نے 25مسلح افراد کے ہمراہ آتشیں اسلحہ سے فائرنگ کرتے ہوئے ہائوسنگ کالونی پر قبضہ کیا۔ ملزم پارٹی پہلے بھی اسی کالونی پر قبضے کیلئے ایک سیکیورٹی ہیڈ کو قتل کرچکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی شام اڈیالہ روڈ پر واقع سفاری انکلیو IIپر مسلح افراد نے ایک بار دھاوا بول دیا اور آتشیں اسلحہ سے فائرنگ کرتے ہوئے بھاری رقم اور قیمتی کاغذات پر بھی قبضہ کرلیا۔ واقع کے حوالے سے مدعی محمد اسلم کی طرف سے تھانہ صدر بیرونی میں دی گئی درخواست میں بتایا گیا ہے کہ ہم معمول کے مطابق کام کررہے تھے کہ اسی اثناء میں نماز عصر کے قریب شیخ غلام رسول اور محمد قاسم کے ہمراہ 25سے زائد افردآیا اور فائرنگ شروع کردی ۔

(جاری ہے)

ملزمان کی فائرنگ سے خوف و ہراس پھیل گیا جس کے بعد ہم لوگ جان بچا کر وہاں سے نکل گئے ، ملزمان نے ہمارے دفتر میں پڑی ہوئی بھاری رقم اور قیمتی دستاویزات بھی اپنے قبضہ میں لے لیں۔ ملزمان کیخلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے رات کو تھانہ صدر بیرونی میں درخواست دے دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے ملزم غلام رسول کے بھائی شیخ وحید نے مسلح افراد کے ساتھ ملکر اسی ہائوسنگ سکیم پرقبضہ کی کوشش کی تھی جس میں سیکیورٹی گارڈ محمد یوسف جان کی بازی ہار گیا تھا جس کا مقدمہ تھانہ صدر بیرونی میںدرج ہے اور ملزم شیخ وحید ابھی تک گرفتار نہیں ہوا جبکہ اسکی ضمانت بھی منسوخ ہو چکی ہے۔

متعلقہ عنوان :