عازمین حج کیجانب سے جمع کرائی گئی حج درخواستوں کی قرعہ اندازی فوری طور پر کی جائے، چیئر مین آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریزحاجی محمد ہارون میمن

ہفتہ 24 فروری 2018 23:20

سکھر۔24فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2018ء) آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے چیئرمین حاجی محمد ہارون میمن نے کہا ہے کہ عازمین حج کی جانب سے جمع کرائی گئی حج درخواستوں کی قرعہ اندازی فوری طور پر کی جائے تاکہ عازمین حج روانگی کے حوالے سے اپنی تیاریاں اطمینان کے ساتھ کرسکیں۔جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں حج پر روانہ ہونے کیلئے درخواستیں جمع کرانے والے عازمین حج کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

حاجی محمد ہارون میمن نے کہا کہ سرکاری سطح پر سرکاری اسکیم کے تحت حج کی درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 24 جنوری مقرر کی گئی تھی آخری تاریخ کو ختم ہوئے ایک ماہ گزرنے کے باوجود عازمین حج کی درخواستوں پر قرعہ اندازی نہ ہونے سے عازمین حج فکر مند ہیں جس کی وجہ سے انہیں حج پر جانے کے حوالے سے تیاریوں کیلئے ذہنی پریشانی کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعظم اور وزیر مذہبی امور سے مطالبہ کیا کہ حج قرعہ اندازی کرکے فوری طور پر اسکا اعلان کیا جائے تاکہ عازمین حج سکون اور اطمینان کے ساتھ تیاریاں کرسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر جلد ہی حج قرعہ اندازی کا اعلان نہ کیا گیا تو وزیراعظم اور وزارت مذہبی امور کو مراسلہ ارسال کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :