مشرف نے محمد نواز شریف کو 21سالہ نااہلی، 2کروڑ روپے جرمانہ اور 14سال قید کی سزا سنائی

لیکن 17سال گذرنے کے بعد میاں محمد نواز شریف آج بھی عوام کے دلوں پر راج کرتا ہے،محبت کا یہ رشتہ کسی قانون اور قاعدے کا پابند نہیں ہوتا ،وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کا جلسہ عام سے خطاب

ہفتہ 24 فروری 2018 23:07

مشرف نے محمد نواز شریف کو 21سالہ نااہلی، 2کروڑ روپے جرمانہ اور 14سال قید ..
سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2018ء) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ گوادر سے لے کر چین کی سرحد تک ترقی کے نئے دور کا سہرا میاں محمد نواز شریف کے سر جاتا ہے۔میاں محمد نواز شریف نے صرف سیالکوٹ میں ترقی نہیں کروائی بلکہ ان کے موجودہ دور حکومت میں ترقی کا ایک نیا باب کھلا ہے ، اللہ جسے چاہتاہے اس کو خلق خدا کی نظر میں محبوب بنا دیتا ہے، محبت کا یہ رشتہ کسی قانون اور قاعدے کا پابند نہیں ہوتا ، مشرف نے محمد نواز شریف کو 21سالہ ناہلی، 2کروڑ روپے جرمانہ اور 14سال قید کی سزا سنائی لیکن 17سال گذرنے کے بعد میاں محمد نواز شریف آج بھی عوام کے دلوں پر راج کرتا ہے ۔

یہ بات انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب یوسی میانہ پورہ کی روڈلنڈھا پھاٹک تا ڈیفنس روڈ تک ٹف ٹائیلز لگانے کے منصوبے کا افتتاح کرنے کے بعد یوتھ ونگ کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

خواجہ محمد آصف نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی جانب سے پارٹی قیادت کے خلاف برا بھلا کہنے کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ لودھراں میں تین ہزار ووٹ لینے والے اور اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں اپنی بیوی کے قاتلوں کو نہ ڈھونڈ نے والے کس منہ سے تنقید کررہے ہیں اور دوسرا بندہ (عمران خان)پتہ نہیں کس کام پر لگا ہوا ہے سیاسی مخالفین کے ساتھ ساتھ اس کی اپنی پارٹی کے لوگوں کو بھی اس کی سمجھ نہیں آرہی اور معاملہ شرم وحیا سے آگے نکل گیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ گذشتہ28سی30سالہ سیاست کے دوران جو پیار ، محبت ، عزت ، احترام اور مقام اس شہر کے لوگوں نے دیا ہے میں قیامت تک ان کا شکرادا کرتا رہوں تو ادا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ چند سال قبل ہونے والے الیکشن میں جب میں ووٹ لینے کیلئے آپ کے پاس آیا تو مجھے یہ شائبہ بھی نہیں تھا کہ مجھے اللہ تعالیٰ آپ کے وساطت سے یہ مقام دے گا جس پر میں آج کھڑا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ میاں محمد نواز شریف کو 2013کے الیکشن میں ڈیڑھ کروڑ ووٹ ملا اور وہ وزیر اعظم بنا۔ انہوں نے کہاکہ ایک دوسرا بندہ جو وزیر اعظم بننے کیلئے پیراں نال ویاہ کرلیندا اے تے پچھلی عمرے اونوں کنھی محنت کرنی پہہ رہی اے ۔اس طرح کرنے سے کوئی بندہ وزیر اعظم نہیں بن سکتا۔ یہ عوام کی محبت اور مہربانی سے بنتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنی قیادت میاں محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف پر ناز ہے جن کی سربراہی میں لوڈشیڈنگ جیسے چیلنج سے نمٹنے میں کامیاب ہوئے اور اس وقت 70فیصد بجلی کی فیڈرز پر لوڈشیڈنگ نہیں ہورہی اور صرف 30فیصدی فیڈرز پر لوڈشیڈنگ ہے۔

جب کہ 2013ء کی نسبت دہشت گردی میں زمین آسمان کا فرق ہے اس کیلئے بہادر فوج نے دلیری سے جنگ لڑی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری سرزمین پردہشت گردی ہندوستان، افغانستان کی سرزمین سے ہورہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ کبھی اقتدار کوانتقام کیلئے استعمال نہیں کیا اور اللہ کی جانب سے دی جانے والی طاقت اور اقتدار کو عوام کی فلاح و بہبود کیلئے استعمال کیا ہے اور بلاتفریق عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ اقتدار کو وسیلہ بنانے ہوئے ملک و قوم کی جتنی خدمت ہوسکتی تھی کی ۔