لاہور، آشیانہ ہائوسنگ سکیم کے ایک کرتا دھرتا شاہد شفیق نامی دوسرے افسر کونیب نے گرفتار کرلیا

گرفتاری پہلے سے گرفتار سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے انکشافات پر عمل میں آئی ہے

ہفتہ 24 فروری 2018 23:04

لاہور، آشیانہ ہائوسنگ سکیم کے ایک کرتا دھرتا شاہد شفیق نامی دوسرے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 فروری2018ء) نیب لاہور نے آشیانہ ہائوسنگ سکیم کے ایک کرتا دھرتا شاہد شفیق نامی دوسرے افسر کو بھی گرفتار کر لیا ہے، نیب لاہور کے مطابق شاہد شفیق کی گرفتاری پہلے سے نیب کے ہاتھوں گرفتار سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے انکشافات پر عمل میں آئی ہے جبکہ نیب نے شاہد شفیق سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، نیب لاہور زیر حراست ملزم شاہد شفیق کوعدالت میں پیش کرکے اس کا بھی جسمانی ریمانڈ حاصل کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق زاہد شفیق انجینیرنگ سروسز کا پارٹنر ہے، ملزم کو پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی انکوائری میں تفتیش کے دوران گرفتار کیا گیا ہے۔ پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی نے 20جنوری 2015کو معاہدہ کیا،16ہزار غریب شہریوں نے آشیانہ اقبال کیلئے 61کروڑ روپے جمع کروائے۔

(جاری ہے)

تین سال گزرجانے کے باوجود منصوبہ مکمل نہ ہوسکا،احد چیمہ نے بطورڈی جی ایل ڈی اے 14ارب روپے کے منصوبے کا ٹھیکہ لاہور کاساکمپنی کو دے دیا۔

کاسا کمپنی تین کمپنیوں بسم اللہ انجینئرنگ سروسز، سپارکو اور چائنہ گروپ کا جوائنٹ وینچر ہے۔ کمپنیوں کی نااہلی کی وجہ سے حکومت کو 64 کروڑ 50لاکھ روپے سے زائد رقم کا نقصان اٹھانا پڑا۔بسم اللہ انجنیئرنگ سروسز، پیراگون سٹی کی ملکیت ہے۔ ملزم کو جسمانی ریمانڈ کیلئے کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔نیب کے مطابق شاہد شفیق کا 15روزکاجسمانی ریمانڈ حاصل کر نے کے لیے درخواست جمع کروائی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :