صوبائی حکومت نابینائوں سمیت خصوصی افراد کومعاشرے کا مفید شہری بنانے کیلئے بھر پور اقدامات کررہی ہے،پرویزخٹک

خصوصی افراد کی تعلیم و تربیت کے مراکز اور سہولیات میں اضافے کے علاوہ مجموعی طور پر اُن کی فلاح و بہبود کی دیگر سکیمیں شامل ہیں،وزیراعلی خیبرپختونخوا

ہفتہ 24 فروری 2018 22:53

صوبائی حکومت نابینائوں سمیت خصوصی افراد کومعاشرے کا مفید شہری بنانے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نابینائوں سمیت خصوصی افراد کومعاشرے کا مفید شہری بنانے کیلئے بھر پور اقدامات کررہی ہے جس میں خصوصی افراد کی تعلیم و تربیت کے مراکز اور سہولیات میں اضافے کے علاوہ مجموعی طور پر اُن کی فلاح و بہبود کی دیگر سکیمیں شامل ہیں۔

وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں نابینا ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد سے گفتگو کررہے تھے۔جس نے اپنے بعض مسائل اور مطالبات پیش کئے ۔ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹری سماجی بہبود اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ نے وفد کے معروضات توجہ سے سنے اور ان کے حل کا یقین دلایا۔معزور افراد کو صحت انصاف کارڈ کی فراہمی سے متعلق مطالبے پر وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اس سلسلے میں سمری پہلے سے تیار ہوچکی ہے جس میں نہ صرف نابینا افراد بلکہ صوبے بھر کے ایک لاکھ37 ہزار سے زائد خصوصی افراد شامل ہیں۔

(جاری ہے)

نابینائوں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی سے متعلق وزیراعلیٰ نے موقع پر موجود سماجی بہبود کے حکام کو ہدایت کی کہ اس ضمن میں بینک آف خیبر کے ساتھ مل بیٹھ کر طریق کار وضع کریں۔ وزیراعلیٰ نے معذور افراد کی ملازمتوں کوٹہ دو سے بڑھا کر 3 فیصد کے مطالبے پر واضح کیا کہ صوبائی حکومت اس کا پہلے سے ہی جائزہ لے رہی ہے تاہم انہوںنے بڑھائے جانے والے ایک فیصد کوٹے کو نابینائوں کیلئے مختص کرنے کی تجویز سے عدم اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے فیصلوں سے ہمیشہ غلط روایات جنم لیتی ہیںاور پھر دوسرے طبقوں سے اس سے زیادہ مطالبات کا ایک لامتناہی سلسلہ شروع ہو جاتا ہے ۔

اس لئے بڑھایا جانے والا کوٹہ عمومی یعنی تمام خصوصی افراد کیلئے ہو گا جن میں نابینا ، گونگے ، بہرے ، جسمانی اور ذہنی طور پر معذور دیگر افراد اور طبقے شامل ہیں۔ پرویز خٹک نے ڈس ایبلٹی ایکٹ کے جلد نفاذ کیلئے سیکرٹری سماجی بہبود کو فوری کاروائی کرنے اورایکٹ کے مسودے کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی تاکہ صوبائی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں ایکٹ کی حتمی قانون سازی کیلئے منظوری دی جا سکے ۔

پرویز خٹک نے نابینا افراد کے این ٹی ایس ٹیسٹ سے استثنیٰ سے متعلق مطالبے کا بھی ہمدردانہ جائزہ لینے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے وفد کی طرف سے پیش کردہ قابل عمل تمام مطالبات کا ہمدردانہ اور بغور جائزہ لینے اور محکمہ ہائے خزانہ ، سماجی بہبود ، تعلیم ، صحت ، قانون اور دیگر محکموں کی جانب سے مشترکہ سمری تیار کرنے اور اگلے دو ہفتوں میں دوبارہ اجلاس بلانے کی ہدایت کی جس کی صدارت وہ خود کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :