اگلے انتخابات میں سیاسی جماعتیں ملک کے معاشی ایجنڈے پر خصوصی توجہ دیں،گورنر سندھ

ہفتہ 24 فروری 2018 22:21

اگلے انتخابات میں سیاسی جماعتیں ملک کے معاشی ایجنڈے پر خصوصی توجہ دیں،گورنر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 فروری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ اگلے انتخابات کے لئے ملک کے معاشی ایجنڈے پر خصوصی توجہ دیں تاکہ معاشی میدان میں ایک واضح سمت کے ساتھ آگے بڑھا جاسکے اس کے لئے وہ موجودہ حکومت کی جانب سے معاشی میدان میں کئے گئے ٹھوس اقدامات سے استفادہ کرسکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ای او کلب کی جانب سے مقامی ہوٹل میں منعقدہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اکرام سہگل، شبر زیدی ، ڈاکٹر ہما بقائی، سلطانہ صدیقی، جاوید اکائی اور معروف کمپنیوں کے سی ای اوز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ معیشت کی ترقی میں ہی ملک کی خوشحالی مضمر ہے اس لئے ہم سب کو اس جانب بھرپور توجہ دینا ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ معاشی میدان میں پاکستان کو آگے بڑھانے کے لئے متحد ہو کر کام کریں تاکہ عالمی برادری کے سامنے پاکستان کا بیانیہ زیادہ واضح اور بہتر طریقہ سے پیش کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے تنقید برائے تنقید کی پالیسی چھوڑ کر حکومت اور اپوزیشن کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ بیرون ملک پاکستان کے بارے میں پائے جانے والے منفی تاثر کو زائل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ڈیوس میں عالمی اقتصادی فورم میں وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ایک ساتھ موجودگی اور پاکستان کے کیس کو مضبوط انداز میں پیش کرنے اس سمت میں ایک لائق تحسین اقدام قرار دیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ملک کی بات آئے، اس کی ترقی و خوشحالی کے لئے کوئی اقدام سامنے آئے تو سیاست کو علیحدہ کرکے صرف اور صرف ملکی سالمیت ، بقاء اور قومی کاز کو مدنظر رکھنا چاہئے تاکہ دنیا کو علم ہوسکے کہ ہم اس مسئلہ پر متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر معاشی ماہرین معیشت کے بارے میں فیصلے کریں تو یہ ملک کی اقتصادی ترقی کے لئے بہتر ہوگا اور اس ضمن میں حکومتی دباآ یا اثرو رسوخ بالکل نہیں ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ تمام تر مشکلات ، مسائل اور دشواریوں کے باوجود موجودہ حکومت نے اقتصادی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور 2013 کی صورتحال کو بالکل تبدیل کردیا گیاہے،امن و امان ، توانائی کی صورتحال میں بہتری اور سرمایہ کاری کے مواقعوں میں اضافہ حکومتی اقدامات کی کامیابیوں کے اہم ثبوت ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 2013 کے مقابلہ میں کراچی بالکل تبدیل ہوچکا ہے، اٴْس وقت کوئی غیر ملکی صرف دن بھر کے لئے بھی یہاں آنے کو تیار نہیں تھا کیونکہ امن وامان کی صورتحال نہایت دگرگوں تھی۔

انہوں نے کہا کہ موجوہ حکومت کے بھرپور عزم، مخلصانہ کاوشوں اور ہرممکن مدد اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک محنت کے باعث کراچی اپنی سابقہ رونقوں کی جانب لوٹ رہا ہے اور یہاں سماجی ، ثقافتی ، معاشی، ادبی اور کھیلوں کی سرگرمیاں عروج پر ہیں جبکہ کراچی کے شہری بلا خوف و خطر روزمرہ کے معمولات میں مشغول ہیں۔ ڈیوس میں پاکستان پویلین کے قیام کو سراہتے ہوئے گورنر سندھ نے کہاکہ اس طرح کے اقدامات پاکستان کا اصل امیج بحال کرنے کے لئے اشد ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بھی ایک حقیقتہے کہ کسی منفی تاثر کو زائل ہونے میں وقت لگتا ہے لیکن ہم سب کو اس ضمن میں اپنی کوششیں جار ی رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک حقیقتاً گیم چینجر ہے کیونکہ اس کے ذریعہ نہ صرف پاکستان کا انفرا اسٹرکچر بہتر ہوگا بلکہ تیز رفتار معاشی ترقی کا حصول بھی ممکن ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے تحت توانائی کے منصوبے ہماری معیشت کو مضبوط اور مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے کیونکہ ہم ان کے ذریعہ اپنی ضروریات سے فاضل بجلی حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

گورنر سندھ نے پاکستان کے بیانیہ کو عالمی سطح پر پیش کرنے پر اکرام سہگل ، اعجاز نثار اور دیگر کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی کاوشیں مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی ترقی میں سی ای اوز کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ا نہوں نے توقع ظاہر کی کہ سی ای اوز ہر سطح پر پاکستان کا اصل بیانیہ پیش کریں گے۔

متعلقہ عنوان :